خبریں/تبصرے

ایغور مسلمانوں سے زیادتیاں: عالمی عدالت انصاف میں چین کے خلاف درخواست مسترد

لاہور (جدوجہد رپورٹ) عالمی عدالت انصاف (آئی سی سی) نے ایغور نسل کے مسلمانوں کی نسل کشی کے الزامات میں چین سے تفتیش کرنے کی استدعا مسترد کر دی ہے۔

جلاوطن ایغور مسلمانوں نے عالمی فوجداری عدالت سے استدعا کی تھی کہ وہ ایغور مسلم اقلیت کی نسل کشی میں ملوث چین سے تفتیش کرے اور ان کی نسل کشی روکنے میں کردار ادا کرے۔

ڈیموکریسی ناؤ کی رپورٹ کے مطابق ایغور مسلمانوں نے بیجنگ پر الزام عائد کیا تھا کہ 10 لاکھ سے زائد افراد کو جبری کیمپوں میں رکھا گیا ہے جن میں زیادہ تر ایغور مسلم اقلیت سے تعلق رکھنے والے افراد ہیں۔

عالمی فوجداری عدالت نے اپیل مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ کوئی بھی کارروائی کرنے سے اس لئے قاصر ہیں کیونکہ یہ مبینہ جرائم چین میں پیش آئے ہیں اور چین آئی سی سی کے دستخط کنندگان میں شامل نہیں ہے۔

یہ فیصلہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب چین کے صوبہ سنکیانگ میں کپاس کی پیداوار کیلئے جبری مشقت لئے جانے کے نئے الزامات سامنے آرہے ہیں۔ چین کا صوبہ سنکیانگ دنیا کی کل کپاس کا پانچواں حصہ تیار کرتا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts