شاعری

اس پھیلتی خوشبو کو گلابوں ہی میں رکھنا!

قیصر عباس

دادا امیر حیدر، عاصمہ جہانگیر، لال خان اور آئی اے رحمان سمیت انسانیت کے ان تمام علم برداروں کے نام جو گزشتہ چند سالوں میں ہم سے جدا ہو گئے۔

اس پھیلتی خوشبو کو گلابوں ہی میں رکھنا
لفظوں کے خزینوں کوکتابوں ہی میں رکھنا

کیا جانئے کس سمت نکل جاؤں میں اس بار
رکھنا تو مجھے دل کے حجابوں ہی میں رکھنا

روٹھے ہیں مرے شہر سے مسکان کے موسم
خوشیوں کو ابھی اپنے حسابوں ہی میں رکھنا

ہم خانہ بدوشوں کے لئے موت ہے منزل
صحرا کے مسافر کو سرابوں ہی میں رکھنا

اجڑی ہے یہاں بستی دل اب کے کئی بار
تم سارے نگر پیار کے، خوابوں ہی میں رکھنا

اک کلمہ حق ہی مری میراث ہے یارو
باقی جو بچیں لفظ نصابوں ہی میں رکھنا

Qaisar Abbas
+ posts

ڈاکٹر قیصر عباس روزنامہ جدو جہد کے مدیر اعلیٰ ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کرنے کے بعد پی ٹی وی کے نیوز پروڈیوسر رہے۔ جنرل ضیا الحق کے دور میں امریکہ منتقل ہوئے اور وہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی۔ امریکہ کی کئی یونیورسٹیوں میں پروفیسر، اسسٹنٹ ڈین اور ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں اور آج کل سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی میں ہیومن رائٹس پروگرام کے ایڈوائزر ہیں۔ وہ ’From Terrorism to Television‘ کے عنوان سے ایک کتاب کے معاون مدیر ہیں جسے معروف عالمی پبلشر روٹلج نے شائع کیا۔ میڈیا، ادبیات اور جنوبی ایشیا کے موضوعات پر ان کے مقالے اور بک چیپٹرز شائع ہوتے رہتے ہیں۔