لاہور (جدوجہد رپورٹ) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اساتذہ نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیلئے احتجاج کیا ہے۔
مقامی صحافیوں کے مطابق بدھ کو منعقدہ احتجاج میں درجنوں اساتذہ نے شرکت کی، مظاہرین نے تنخواہوں کی ادائیگی کے مطالبات پر مبنی پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
سوشل میڈیا اپ لوڈ ہونے والی مختلف تصاویر میں درجنوں اساتذہ کو احتجاج کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اساتذہ نے جو پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ’خالی پیٹ نہیں پڑھا سکتے‘، ’ہماری تنخواہیں ادا کرو‘، ’ہمیں بھوک سے مرنے سے بچاؤ‘ سمیت دیگر مطالبات درج تھے۔
واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان کے قبضے کے بعد تاحال اساتذہ سمیت سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں۔ جس کی وجہ سے لوگ گھروں کا سامان بیچ کر کھانے پینے کی اشیا خریدنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
گزشتہ ایک ماہ سے مختلف صوبوں اور شہروں میں مرد و خواتین اساتذہ سمیت دیگر ملازمین تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔