خبریں/تبصرے

تنخواہوں کی عدم ادائیگی: عمر ایوب ایپرل کے 5 ہزار مزدور ہڑتال پر، کراچی اور شیخوپورہ میں مظاہرے

علی رضا

گزشتہ روز تنخواہوں اور بونس کی عدم ادائیگیوں کے خلاف، تین مختلف واقعات میں، کراچی، شیخوپورہ اور لاہور میں ہزاروں فیکٹری مزدوروں نے مظاہرے کئے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز یوحنا آباد لاہور کے علاقے میں واقع ٹیکسٹائل فیکٹری عمر ایوب ایپرل کے 5000 سے زائد مزدوروں نے تنخواہوں اور بونس کی عدم ادائیگی کے خلاف ہڑتال کر دی اور فیکٹری کے سامنے مظاہرہ کیا۔

اس موقع پر’جدوجہد‘ سے بات کرتے ہوئے اشرف نامی ایک مزدور کا کہنا تھا کہ ”عمر ایوب ایپرل فیکٹری کی انتظامیہ نے مزدوروں کو کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم رکھے ہوا ہے۔ اب رمضان کے مہینے میں قانونی طور پر مقرر کردہ بونس دینے سے بھی انکاری ہے۔ اسی لیے ہم نے آج سے ہڑتال کا سلسلہ جاری کر دیا ہے“۔

اسی طرح کی صورتحال کراچی میں بھی دیکھنے میں آئی جہاں صنعتی علاقہ کورنگی میں واقع ڈینم ٹیکسٹائل کے سینکڑوں مزدوروں نے تنخواہوں اور بونس کی عدم ادائیگی کے خلاف ہڑتال کر دی۔

دونوں جگہوں پر انتظامیہ کی جانب سے مذاکرات کی بجائے پولیس بلا کر تشدد کے ذریعےاور فائرنگ کر کے احتجاج کو ختم کروانے کی کوشش کی گئی جو کہ ناکام رہی لیکن اس کاروائی میں کراچی میں کچھ مزدور زخمی ہوگئے۔ کراچی میں احتجاج کرنے والے کئی ملازمین کو ملازمت سے نکالے جانے کے احکامات بھی جاری کئے گئے۔

اس بارے میں جب ’جدوجہد‘ نے کراچی میں احتجاج کرنے والے کچھ مزدوروں سے بات کی تو ان کا کہنا تھا: ”ہمارے گھروں میں فاقوں کی نوبت ہے۔ کئی مزدور اپنے بچوں کو بھوکا دیکھ کر خود کشیاں کر رہے ہیں۔ کام کرنے کے باوجود ہمیں تنخواہ نہیں دی جا رہی جو کہ سراسر ظلم ہے۔ ہم نہ تو گرفتاریوں سے ڈرتے ہیں اور نہ نوکریوں سے نکالے جانے سے۔ اس لیے مطالبات پورے ہونے تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا“۔

تیسرا مظاہرہ سفائر ٹیکسٹائل مل کے مزدوروں نےعید بونس کی عدم ادائیگی اور تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیری کے خلاف شیخوپورہ میں کیا۔ مظاہرین نے کہا اگر کل تک فیکٹری مالکان نے ان کے مطالبات نہ مانے تو 3 بجے شیخوپورہ-فیصل آباد روڈ بلاک کر دی جائے گی۔

اس سلسلے میں جب ’جدوجہد‘ نے حقوق خلق موومنٹ کے رہنما عمار علی جان سے بات کی تو انھوں نے مزدوروں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مزدوروں کے ساتھ ریاست کے رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انھوں نے کہا کہ حقوق ِخلق موومنٹ آج بھی اس احتجاج میں شریک تھی اور مطالبات کی منظوری تک مزدوروں کا ساتھ دے گی۔

انہوں نے کہا حقوق ِخلق موومنٹ حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ نہ صرف تنخواہ اور بونس کے متعلق مزدوروں کے قانونی حقوق پر عمل درآمد کروائے بلکہ ان مشکل حالات میں مزدوروں کے لئے خصوصی پیکیج کا بھی اعلان کرے۔

Ali Raza
+ posts

علی رضا گورنمنٹ کالج لاہور یونیورسٹی کے شعبہ عمرانیات میں بی ایس آنرزکے طالب علم ہیں۔