شاعری

افغانستان کے نام

قیصرعباس

اس وادی کے سارے موسم ظالم ہیں
وادی کی سنگلاخ چٹانیں
آگ اگلتی رہتی ہیں
دریاوں میں
بستی کے خوابوں کا خوں بہتا ہے
باغوں میں
اب نفرت کے پھل اگتے ہیں
کھیتوں میں
جانے کتنے لوگوں کی فصل کٹی ہے!
شہر کے باہر
سرداروں کی بھیڑلگی ہے
جو سب سرداروں کا
اک سردار چنیں گے
ان لوگوں کے سودے ہوں گے
جن کا سرما یہ
گھر کی کچی ا ینٹیں
یو ا ین کے آٹے کی بو ری
چاند سے بچے
کچھ بندوقیں
اور بستر پر
ٹوٹے پھوٹے سپنے ہیں!
جانے کتنے برسوں تک
یہ کھیل چلے گا
جانے کب
وادی کی سنگلاخ چٹانیں
خود ا س کی دیوار بنیں گی
پھر دریا کے سوتے
کھیتوں میں ہریالی لائیں گے
ماوں کی پلکوں پر
دیپ جلیں گے
بچوں کے ماتھے پر
آنے والی سحر سجے گی
جانے کب وہ وادی
پھرسے جاگ اٹھے گی
جس وادی کے سارے موسم ظالم ہیں!

Qaisar Abbas
+ posts

ڈاکٹر قیصر عباس روزنامہ جدو جہد کے مدیر اعلیٰ ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کرنے کے بعد پی ٹی وی کے نیوز پروڈیوسر رہے۔ جنرل ضیا الحق کے دور میں امریکہ منتقل ہوئے اور وہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی۔ امریکہ کی کئی یونیورسٹیوں میں پروفیسر، اسسٹنٹ ڈین اور ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں اور آج کل سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی میں ہیومن رائٹس پروگرام کے ایڈوائزر ہیں۔ وہ ’From Terrorism to Television‘ کے عنوان سے ایک کتاب کے معاون مدیر ہیں جسے معروف عالمی پبلشر روٹلج نے شائع کیا۔ میڈیا، ادبیات اور جنوبی ایشیا کے موضوعات پر ان کے مقالے اور بک چیپٹرز شائع ہوتے رہتے ہیں۔