خبریں/تبصرے

حکومت پاکستان نے کالعدم تحریک طالبان کے مزید 46 قیدیوں کو رہا کر دیا

لاہور (جدوجہدرپورٹ) حکومت پاکستان نے کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کے مزید 46 قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔

صحافی ’داؤد خٹک‘ کی جانب سے ٹویٹر پر جاری کی جانیوالی معلومات کے مطابق پاکستان نے کالعدم گروپ کے ساتھ مستقل جنگ بندی اور امن معاہدے کی جانب پیش قدمی جاری رکھنے کیلئے قیدیوں کو رہا کیا ہے۔

46 قیدیوں کی رہائی قبائلی جرگہ کی کوششوں کے نتیجے میں ہوئی، اس جرگہ نے پہلی مرتبہ صوبہ پکتیکا میں 9 اور 10 جنوری کو طالبان قیادت سے ملاقات کی اور پھر 17 اور 18 فروری کو افغانستان کے صوبہ خوست میں دوبارہ ملاقات ہوئی۔ حقانی نیٹ ورک کے رہنما اور طالبان حکومت کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے ان ملاقاتوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

داؤد خٹک کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے اپنے 46 قیدیوں کی رہائی کی تصدیق کی ہے، تاہم انکا کہنا تھا کہ وہ 102 افراد کی رہائی چاہتے ہیں، جن میں سوات طالبان کے رہنما بھی شامل ہیں، تب ہی وہ جنگ بندی کا بھی سوچیں گے۔

پاکستانی حکام کی جانب سے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ آنیوالے دنوں میں مزید قیدیوں کو آزاد کیا جائے گا، جن میں سوات طالبان کے کچھ اہم ارکان یا لطیف محسود جیسے لوگ بھی شامل ہیں۔

داؤد خٹک کے مطابق قبائلی جرگہ کے اراکین پشاور میں اعلیٰ سکیورٹی آفیشل سے ملاقات میں مذاکرات اور آگے کے راستے سے آگاہ کرینگے۔ ایسا لگتا ہے کہ وہ جنگ بندی کارڈ پرٹی ٹی پی چند بڑے افراد کو رہا کروانے میں کامیاب ہو جائیگی۔

Roznama Jeddojehad
+ posts