لاہور (جدوجہد رپورٹ) 23 مارچ کا دن پاکستان میں یوم پاکستان کے نام سے جانا جاتا ہے اور اس دن پریڈ گراؤنڈ میں فوجی پریڈ کے انعقاد کے ساتھ فوجی طاقت کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔ تاہم پاکستان کے قیام کے بعد سے اس دن کو’یوم پاکستان‘کے نام سے ہی نہیں منایا جاتا۔ ابتدا میں یہ دن ’یوم جمہوریہ‘ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیاگیا تھا۔
’ٹی ایف ٹی‘ کے مطابق جب 23 مارچ 1956ء کو پاکستان نے اپنا پہلا آئین منظور کیا تو ڈومینین سٹیٹس کے خاتمے کی خوشی میں فوجی پریڈ کا انعقاد بھی کیا گیا۔ اس طرح اس تقریب کا مقصد جمہوریت اور آئین کا جشن منانا تھا۔ 2 سال تک 1956ء اور 1957ء میں پاکستان نے 23 مارچ کو ’یوم جمہوریہ‘ کے طور پرآئین کا جشن منایا۔
تاہم 1958ء میں اس وقت کے کمانڈر انچیف جنرل ایوب خان نے ’یوم جمہوریہ‘ کو ’یوم پاکستان‘ سے بدل دیا، اس طرح تقریبات کی نوعیت بھی تبدیل ہو گئی۔ فوجی پریڈ اب آئین کی بجائے فوجی طاقت کے مظاہرے پر مرکوز تھی۔
قبل ازیں 14 اگست کو منعقد ہونے والی اس فوجی پریڈ کو 23 مارچ کو منعقد کرنے کی وجہ یہ بتائی گئی تھی کہ مون سون کا سیزن فوجی پریڈ کیلئے موزوں نہیں تھا۔ تاہم اس سب کا نتیجہ یہ نکلا کے آج نوجوان نسل کی اکثریت کو 23 مارچ کی اصل اہمیت کا علم ہی نہیں ہے۔