لاہور(جدوجہد رپورٹ)خیبرپختونخوا اسمبلی نے زرعی انکم ٹیکس بل منظور کر لیا ہے، جس کے تحت کسانوں پر اب سپر ٹیکس کا نفاذ بھی ہوگا۔ پنجاب اسمبلی نے زرعی انکم ٹیکس بل گزشتہ سال نومبر میں منظور کر لیا تھا۔
’ڈان‘ کے مطابق زرعی انکم ٹیکس یکم جنوری 2025 سے عائد ہوگا، بل کے مطابق صوبے کی زمین کو تین ڈویژنز اور 4 زونز میں تقسیم کیا جائے گا۔
بل کے متن میں کہا گیا ہے کہ 12 لاکھ سے زائد سالانہ زرعی آمدن پر فیصد 15 فیصد انکم ٹیکس کے علاوہ 90 ہزار سپر ٹیکس بھی عائد ہوگا۔
اسی طرح 16 لاکھ سے زائد سالانہ زرعی آمدن پر 30 فیصد انکم ٹیکس او ایک لاکھ 70 ہزار روپے سپر ٹیکس عائد ہوگا جبکہ 32 لاکھ سے زائد زرعی آمدن پر 40 فیصد انکم ٹیکس اور 6 لاکھ 50 ہزار روپے سپر ٹیکس عائد ہوگا۔
بل کے مطابق 56 لاکھ سے زائد زرعی آمدن پر 45 فیصد انکم ٹیکس اور 16 لاکھ 10 ہزار سپر ٹیکس جمع کرانا ہوگا۔
اسی طرح بل میں کارپورٹ فارمنگ پر بھی ٹیکس لاگو کرنے کی تجویز ہے، بل کے متن کے مطابق چھوٹی کمپنی پر 20 فیصد جبکہ بڑی کمپنی پر 29 فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔
بل کے مطابق 15 کروڑ روپے سے زائد سالانہ زرعی انکم پر ایک فیصد ٹیکس لیا جائے گا، اسی طرح 20 کروڑ سے زائد زرعی آمدن پر 2 فیصد جبکہ 25 کروڑ سے زائد آمدن پر 3 فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔
بل میں کہا گیا ہے کہ 30 کروڑ سے زائد آمدن پر 4 فیصد اور 35 کروڑ پر 6 فیصد ٹیکس لیا جائے گا، اسی طرح 40 کروڑ سے زائد سالانہ زرعی آمدن پر 8 فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔
بل کے مطابق 50 کروڑ سے زائد آمدن پر 10 فیصد ٹیکس عائد ہوگا، انکم ٹیکس کے علاوہ اراضی ٹیکس بھی عائد کیا گیا ہے، مختلف زون کے حساب سے اراضی ٹیکس لیا جائیگا۔
بل میں کہا گیا ہے کہ زون ون میں ساڑھے بارہ ایکڑ سے زائد زمین پر 12 سو روپے فی ایکڑ کے حساب سے اراضی ٹیکس لیا جائے گا، اسی طرح25 سے 50 ایکڑ زمین پر فی ایکڑ 25 سو روپے سالانہ اراضی ٹیکس عائد ہوگا۔
بل کے مطابق زون (ون) میں 50 ایکڑ سے زائد زمین پر سالانہ فی ایکڑ 3 ہزار 500 روپے ٹیکس لیا جائے گا، جبکہ زون ٹو اور تھری میں زون ون سے ٹیکس کم لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 14 نومبر 2024 کو پنجاب اسمبلی میں زرعی انکم ٹیکس پنجاب بل 2024 کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا تھا، جس کے بعد لائیو اسٹاک پر بھی ٹیکس لاگو اور زیادہ آمدن والے کسانوں پر سپر ٹیکس کا نفاذ ہوگا۔
بل میں کہا گیا تھا کہ زرعی زمین پر انکم ٹیکس کی چھوٹ ختم کی جائے گی جبکہ لائیو اسٹاک پر ٹیکس بھی زرعی ٹیکس میں شمار کیا جائے گا۔
بل کے متن کے مطابق زرعی انکم ٹیکس نادہندہ کو ٹیکس کی رقم کا اعشاریہ ایک فیصد فی اضافی دن جرمانہ عائد ہو گا، 12 لاکھ سے کم زرعی آمدنی والے زرعی ٹیکس نادہندہ کو 10 ہزار جرمانہ بھی ہو سکے گا۔