خبریں/تبصرے

امریکہ: ایف بی آئی کا افریقی سوشلسٹ پارٹی پر چھاپہ، روسی حمایت کا شک

لاہور (جدوجہد رپورٹ) ایف بی آئی نے میسوری اور فلوریڈا میں افریقی سوشلسٹ پارٹی کی مختلف پراپرٹیز پر چھاپہ مارا ہے۔ ایف بی آئی نے یہ چھاپہ سوشلسٹ پارٹی پر روس سے احکامات لینے کے بوگس الزامات کی بنیا دپر مارا ہے۔

’ڈیموکریسی ناؤ‘ کے مطابق افریقی پیپلز سوشلسٹ پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ایف بی آئی نے میسوری اور فلوریڈا میں جمعہ کی صبح سویری فلش گرینیڈ اور ڈرون کے ساتھ پارٹی کی جائیدادوں پر پرتشدد چھاپہ مارا ہے۔

افریقی پیپلز سوشلسٹ پارٹی ایک پین افریقی گروپ ہے جو غلامی کی تلافی کیلئے طویل عرصہ سے وکالت کرتا رہا ہے اور امریکی خارجہ پالیسی کا کھلا ناقد رہا ہے۔

ایسا لگتا ہے کہ یہ چھاپہ ایک روسی شخص کے ایک الگ فرد جرم سے جڑا ہوا ہے، جس پر امریکی انتخابات میں روسی پروپیگنڈہ پھیلانے اور چھیڑ چھاڑ کرنے کیلئے امریکہ میں مقیم گروپوں کو استعمال کرنے کا الزام ہے۔

پارٹی سربراہ اومالی یاشیتیلا کے مطابق جب ان کے گھر پر چھاپہ مارا گیا تو انہیں باندھ دیا گیا۔ انکا کہنا تھا کہ ”ایف بی آئی کا ہم پر روسیوں سے احکامات لینے کا الزام سب سے زیادہ مضحکہ خیز اور غیر معمولی بیانیہ ہے۔ یہ سیاہ فام لوگوں کے حق پر حملہ ہے، یہ افریقہ کے ہر مربع انچ کی مکمل آزادی کیلئے ہماری جدوجہد پر حملہ ہے۔“

Roznama Jeddojehad
+ posts