راولپنڈی (پ ر) جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (جے کے این ایس ایف) راولپنڈی/اسلام آباد برانچ کا کنونشن کل 18 فروری کو راولپنڈی میں منعقد کیا جا رہا ہے۔
مقبول بٹ شہید طلبہ کنونشن کے نام سے منعقدہ اس کنونشن میں جے کے این ایس ایف کی نئی کابینہ کا انتخاب کیا جائے گا۔ طلبہ سیاست کی ضرورت پر جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی صدر کے علاوہ ترقی پسند طلبہ تنظیموں، ٹریڈ یونینوں اور سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی خطاب کرینگے۔
ترجمان جے کے این ایس ایف کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد میں منعقد ہونے والا کنونشن طلبہ سیاست میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ کنونشن کی تیاریوں کیلئے بھرپور رابطہ مہم کی گئی ہے۔ مختلف جامعات میں زیر تعلیم جموں کشمیر کے طلبا و طالبات کثیر تعداد میں کنونشن میں شرکت کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ راولپنڈی اسلام آبادمیں جموں کشمیر کی طلبہ تنظیموں کی سرگرمیوں پر عائد پابندی پر احتجاج بھی کیا جائے گا، جبکہ کنونشن کے انتخاب پر آئی ایم ایف کی سامراجی پالیسیوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے منی بجٹ پیش کر کے غریب عوام پر کئے جانے والے بدترین معاشی حملے کے خلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔