خبریں/تبصرے

پاکستان اور بھارت کی 60 فیصد آبادی آلودہ فضا میں رہتی ہے

لاہور (جدوجہد رپورٹ) ایئرپیوریفائر بنانے والی سوئس کمپنی کے سالانہ عالمی سروے کے مطابق پاکستان کے صوبہ پنجاب کا دارالحکومت اور ملک کا دوسرا بڑا شہر لاہور 2022ء میں 10 سے زیادہ درجے کی چھلانگ لگا کر دنیا کا سب سے آلودہ شہر بن گیا ہے۔

آئی کیو ایئر کی طرف سے منگل کو شائع ہونے والی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان سب سے زیادہ آلودہ ہوا والے ممالک میں تیسرے نمبر پر ہے، جبکہ بنگلہ دیش پانچویں اور بھارت آٹھویں نمبر پر ہے۔

’اے پی‘ کے مطابق آئی کیو ایئر پھیپھڑوں کو نقصان پہنچانے والے ہوا سے پیدا ہونے والے ذرات کے ارتکاز کی بنیاد پر ہوا کے معیار کی سطح کی پیمائش کرتا ہے، جسے ’PM2.5‘ کہا جاتا ہے۔ سروے کے مطابق لاہور کی ہوا کا معیار 2021ء میں 86.5 سے 97.5 مائیکرو گرام ’PM2.5‘ ذرات فی کیوبک میٹر ہو گیاہے، جس کے بعد یہ عالمی سطح پر سب سے آلودہ شہر بن گیا ہے۔

درجہ بندی میں اگلے دو شہر بھارت کے ہیں۔ نئی دہلی کے مضافات میں واقع بھیواڑی میں آلودگی کی سطح 92.7 تھی اور قومی دارالحکومت میں آلودگی کی سطح 92.6 کے قریب پیچھے تھا۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) پی ایم 2.5 کی زیادہ سے زیادہ ارتکاز 5 مائیکروگرام فی مکعب میٹر تجویز کرتی ہے۔

چاڈ آلودگی کی اوسط سطح 89.7 کے ساتھ آلودہ ملکوں میں پہلے، عراق 80.1 اوسط سطح کے ساتھ دوسری، پاکستان 70.9 کے ساتھ تیسرے، جبکہ بحرین 66.6 کے ساتھ چوتھے نمبر کا آلودہ ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش کی ہوا کا معیار 2021ء سے بہتر ہوا ہے۔ تازہ ترین سروے میں بنگلہ دیش پانچویں نمبر پر ہے، آلودگی کی اوسط سطح 76.9 سے کم ہو کر 65.8 پر آ گئی ہے۔ بھارت میں دنیا کے سب سے زیادہ آلودہ شہر ہیں، تاہم تازہ ترین رپورٹ میں ملک کا مجموعی درجہ آٹھواں ہے، آلودگی کی اوسط سطح 53.3 ریکارڈ کی گئی ہے۔

پورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت اور پاکستان نے وسطع اور جنوبی ایشیائی خطوں میں ہوا کے بدترین معیار کا تجربہ کیا ہے۔ ان دونوں ملکوں میں تقریباً 60 فیصد آبادی ایسے علاقوں میں رہتی ہے، جہاں آلودہ ذرات کا ارتکاز ڈبلیو ایچ او کی تجویز کردہ سطح سے کم از کم 7 گنا زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر ہر 10 میں سے ایک شخص ایسے علاقے میں رہ رہا ہے، جہاں فضائی آلودگی صحت کیلئے خطرہ ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال تقریباً 70 لاکھ افراد فضائی آلودگی کی وجہ سے قبل از وقت موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

امریکی بحرالکاہل کے علاقے گوام میں کسی بھی ملک سے صاف ہوا ہے، جس میں PM2.5 کا ارتکاز 1.3 ہے، جبکہ کینبرا میں 2.8 کے ساتھ دارالحکومت کیلئے سب سے صاف ہوا ہے۔ آئی کیو ایئر انڈیکس 131 ملکوں میں 7300 سے زائد مقامات پر 30 ہزار سے زائد فضائی معیار کے مانیٹروں کے ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے تیار کیا گیا تھا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts