خبریں/تبصرے

بنگلہ دیش کے صحافی شاہد العالم عاصمہ جہانگیر لیکچر میں خطاب کریں گے!

(واشنگٹن ڈی سی) امریکہ کی تنظیم ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ اور ولسن سینٹر واشنگٹن ڈی سی کے زیر اہتمام سالانہ عاصمہ جہانگیر لیکچر سیریز میں اس سال بنگلہ دیش کے معروف فوٹو جرنلسٹ اور انسانی حقوق کے کارکن ڈاکٹر شاہد العالم خطاب کریں گے۔ پاکستان کی ماہر قانون اور سماجی کارکن عاصمہ جہانگیر کی یاد میں منعقد کی جانے والی اس لیکچر سیریز میں عالمی سطح پر معروف دانشور جنوبی ایشیا کے موضوعات پراپنے خیالات کا اظہارکرتے ہیں۔

اس سال سیریز کا موضوع ہے: ’To Speak or not to Speak: Rights and Democracy in Bangladesh‘

25 جولائی کوواشنگٹن ڈ ی سی وقت کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے (بنگلہ دیش ساڑھے آٹھ بجے شام، پاکستان ساڑھے سات بجے شام) ہونے والے اس ورچوئل خطاب میں شاہدالعالم اپنے ملک میں ٓزادی اظہار، انسانی حقوق اورجمہوری روایات کا جائزہ لیں گے۔ پروگرام میں شرکت کے لیے اس لنک پر رجسٹر کیا جا سکتا ہے۔

شاہد العالم سماجی کارکن، مصنف اور دانشور کی حیثیت سے عالمی سطح پر جانے جاتے ہیں۔ انہیں پانچ سال پہلے حکومت کے خلا ف ایک مظاہرے کی کوریج کے دوران گرفتار کیا گیا تھا اور عالمی اداروں کے شدید احتجاج کے نتیجے میں تین ماہ کے بعد رہا کیا گیا۔ وہ ساؤتھ ایشین میڈیا انسٹی ٹیوٹ، ڈرک ایجنسی اور بنگلہ دیش فوٹوگرافک سوسائٹی سمیت صحافیوں اور فوٹو گرافروں کی تربیت کے کئی مراکز کے بانی ہیں۔

کیمسٹری میں پی ایچ ڈی کے ساتھ وہ کئی کتابوں کے مصنف بھی ہیں جن میں ’My Journey as a Witness'” ” اور "The Tide will Turn” مشہور تصنیفات ہیں۔ ان کی تصاویر کی نمائش دنیا کے مشہور اداروں کے زیر اہتمام کی جا چکی ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts