خبریں/تبصرے

بورس کاگارلٹسکی اور دیگر جنگ مخالف روسی قیدیوں کی رہائی کیلئے پٹیشن دائر

لاہور(جدوجہد رپورٹ)روس کے معروف سوشلسٹ دانشور اور جنگ مخالف کارکن ڈاکٹر بورس کاگارلٹسکی اور دیگر جنگ مخالف قیدیوں کی رہائی کیلئے آن لائن پٹیشن دائر کی گئی ہے۔ یہ پٹیشن ’بورس کاگارلٹسکی انٹرنیشنل سولیڈیریٹی کیمپین‘ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔

پٹیشن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بورس کاگارلٹسکی اور دیگر تمام جنگ مخالف قیدیوں کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے۔ پٹیشن میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ روسی فیڈریشن اختلاف رائے کے خلاف بڑھتے ہوئے جبر کو ختم کرے اور شہریوں کی آزادی اظہار اور احتجاج کے حق کا احترام کیا جائے۔

یاد رہے کہ 65سالہ کاگارلٹسکی کو 5سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ انہیں گزشتہ سال جولائی میں دہشت گردی کو جواز فراہم کرنے کے مضحکہ خیز الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ انہیں 12دسمبر کو 6لاکھ9ہزار روبل جرمانے کی سزا سنائی گئی۔

13فروری کو فوجی عدالت نے انہیں 5سال کیلئے جیل بھیج دیا اور رہائی کے بعد دو سال تک ان پر ویب سائٹ چلانے پر بھی پابندی عائد کی گئی۔

پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ روس میں بائیں بازو کی تحریکوں کے خلاف وحشیانہ جبر کی لہر میں ڈاکٹر کاگارلٹسکی کا شرمناک ٹرائل تازہ ترین واقعہ ہے۔ بہت سے لوگوں کو روسی تعزیری کالونیوں میں تشدد اور جان لیوا حالات کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بائیں بازو کے سیاستدان مجرمانہ الزامات کا سامنا کرتے ہوئے روس سے فرار ہونے پر مجبور ہیں۔ انٹرنیشنل ٹریڈ یونینوں پر پابندی عائد ہے اور ان کے ساتھ کسی بھی قسم کے رابطے کے نتیجے میں طویل قید کی سزا سنائی جائے گی۔

پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ روسی بائیں بازو کے خلاف اس کریک ڈاؤن کی ایک واضح وجہ ہے۔ جنگ کا بھاری نقصان محنت کشوں کی بڑی تعداد میں بڑھتی ہوئی بے اطمینانی کو جنم دیتا ہے۔ غریب اس قتل عام کی قیمت اپنی جانوں سے ادا کر تے ہیں اور جنگ کی مخالفت غریب ترین لوگوں میں سب سے زیادہ ہے۔ بائیں بازو کے پاس سامراجی جنگ اور انسانی مصائب کے درمیان تعلق کو بے نقاب کرنے کا پیغام اور عزم ہے۔

قارئین اگر اس پٹیشن پر دستخط کرنا چاہیں تو اس لنک کے ذریعے سے پٹیشن پر دستخط کر سکتے ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts