خبریں/تبصرے

جے این یو انتخابات میں بائیں بازو کا کلین سویپ، 28 سال بعد دلت صدر منتخب

لاہور(جدوجہد رپورٹ) بائیں بازو کی طلبہ تنظیموں کے اتحاد لیفٹ یونٹی نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں طلبہ یونین کے انتخابات میں کلین سویپ کیا ہے۔ لیفٹ یونٹی نے مرکزی پینل کی چاروں نشستیں صدر، نائب صدر، جنرل سیکرٹری اور جوائنٹ سیکرٹری جیت لی ہیں۔

’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق جے این یو طلبہ یونین کے انتخابات جمعہ کو ہوئے تھے لیکن نتائج کا اعلان اتوار کو کیا گیا۔ یہ 2019کے بعد یونیورسٹی میں ہونے والے پہلے طلبہ یونین انتخابات ہیں، جو کورونا وبائی مرض کے باعث 4سال کے وقفے کے بعد ہوئے۔

انتخابات کیلئے آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (اے آئی ایس اے)، ڈیموکریٹک اسٹوڈنٹس فیڈریشن(ڈی ایس ایف)، اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا(ایس ایف آئی) اور آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن(اے آئی ایس ایف) جیسی طلبہ تنظیموں نے ایک متحدہ لیفٹ فرنٹ تشکیل دے رکھا گیا، جبکہ ان کے مقابلے میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ(آر ایس ایس) کی طلبہ تنظیم اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد(اے بی وی پی) موجود تھی۔

انتخابی میدان میں کانگریس سے منسلک نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا(این ایس یو آئی) اور سماج وادی چھاترا سنگٹھن(ایس سی ایس) بھی شامل تھیں۔

جے این یو ایس یو کے مرکزی پینل کے عہدوں کیلئے کل 19امیدوار مقابلہ کر رہے تھے، جن میں سے 8امیدوار صدر کے عہدے کیلئے میدان میں تھے۔

اتوار کو رات گئے اعلان کردہ نتائج کے مطابق لیفٹ یونٹی کے دھننجے صدر منتخب ہوئے، انہوں نے اے بی وی پی کے امیش چنر اجمیرا کو 922ووٹوں سے شکست دی۔ نائب صدر کے عہدے کیلئے اویجیت گھوش نے اے بی وی پی کی دیپیکا شرما کو 927ووٹوں سے شکست دی۔ پریانشی آریہ نے جنرل سیکرٹری کے عہدے کیلئے اے بی وی پی کے ارجن آنندکو 926ووٹوں سے شکست دی، جبکہ محمد ساجد نے جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے کیلئے اے بی وی پی کے گووندڈانگی کو508ووٹوں سے شکست دی۔

جے این یو انتخابی کمیٹی کے چیئرپرسن شیلیندر کمار نے کہا کہ صدر کے عہدے کیلئے دھننجے نے 2598ووٹ حاصل کئے، جبکہ اے بی وی پی کے امیش چندراجمیرا کو1676ووٹ ملے۔

جے این یو کے مختلف سکولوں کیلئے انتخابات کے ذریعے کل 42کونسلرز کا انتخاب بھی کیا گیا۔

دھننجے پی ایچ ڈی کے طالب علم ہیں اور 1996-97کے بعد جے این یو ایس یو کے پہلے دلت صدر ہیں۔

طلبہ کی انتخابی کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ ووٹرز کی حتمی فہرست کے مطابق کل 7751ووٹرز کے مرکزی پینل کے اراکین کے ساتھ ساتھ مختلف سکولوں کے کونسلرز کے انتخاب کیلئے اپنے ووٹ کاسٹ کرنے کی توقع تھی۔ بصارت سے محروم طلبہ کیلئے ڈیجیٹل ووٹنگ سسٹم کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔

پولنگ کے سلسلہ میں بدھ کی رات جے این یو نے صدارتی مباحثہ منعقد کیا، جس میں امیدواروں نے کیمپس میں مزید ہاسٹل کے کمروں اور ہسپتال سے لے کر بہتر انفراسٹرکچر اور خواتین کی حفاظت کو بہتر بنانے کا وعدہ کیا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts