پاکستان

کورونا کی دوسری لہر: دنیا بھر میں 5.9 کروڑ مریض، 14 لاکھ ہلاکتیں

حارث قدیر

دنیا بھر میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ ایک مرتبہ پھر عروج پر پہنچ چکا ہے۔ رواں سال جون، جولائی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کسی حد تک کمی واقع ہوئی تھی لیکن ستمبر سے دنیا بھر میں کورونا کے کیسوں میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ پاکستان، بھارت سمیت دنیا کے متعددممالک اس جان لیوا وائرس سے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

پچیس نومبر 2020ء تک دنیا بھر میں 5 کروڑ 92 لاکھ 4 ہزار 904 افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ دنیا بھر میں 13 لاکھ 97 ہزار 139 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

کورونا سے متاثرہ ملکوں میں امریکہ ابھی بھی پہلے نمبر پر ہے جہاں 12.7 ملین افراد کورونا سے متاثر ہوئے جبکہ 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں۔

انڈیا دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے جہاں 9.22 ملین افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 1 لاکھ 35 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

برازیل 6.12 ملین متاثرین اور 1 لاکھ 70 ہزار ہلاکتوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر، روس 2.16 ملین متاثرین اور 37538 ہلاکتوں کے ساتھ چوتھے، جبکہ فرانس 2.15 ملین متاثرین اور 50 ہزار 237 ہلاکتوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

پاکستان میں جولائی کے بعد پہلی مرتبہ کورونا کیسوں کی ایک روز میں تعداد تین ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس وقت ملک بھر میں مجموعی کیسوں کی تعداد 3 لاکھ 82 ہزار 892 ہے جس میں سے 3 لاکھ 32 ہزار 974 یعنی 87 فیصد صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 7 ہزار 803 تک پہنچ گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے 3 ہزار 9 کیسوں اور 59 اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا جبکہ ایک ہزار 214 مریض صحت یاب بھی ہوئے جس کے بعد فعال کیسوں کی تعداد 42 ہزار 115 تک پہنچ گئی۔

صوبہ سندھ وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں چوبیس گھنٹوں میں ایک ہزار 382 کیس رپورٹ ہوئے اور مجموعی تعداد 1 لاکھ 66 ہزار 33 تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سندھ میں 13 ہلاکتوں کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2858 ہو گئی ہے۔

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 648 نئے کیس سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 15 ہزار 786 ہو گئی۔ چوبیس گھنٹوں میں پچیس ہلاکتوں کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 904 ہو گئی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 382 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 45 ہزار 314 ہو گئی۔ اس کے علاوہ 9 افراد لقمہ اجل بنے جس کے بعد اموات کی تعداد ایک ہزار 339 تک جا پہنچی۔

بلوچستان صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 45 کیس سامنے آئے اور یوں مجموعی کیس 16 ہزار 891 تک پہنچ گئے۔ ایک شخص کی ہلاکت کے بعد مجموعی ہلاکتیں 164 ہو گئی ہے۔

دارالحکومت اسلام آباد میں چوبیس گھنٹوں کے دوران وبا کے مزید 424 کیسوں کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 27 ہزار 979 ہو گئی۔ چھ مریضوں کی ہلاکت کے بعد مجموعی ہلاکتیں 291 ہو چکی ہیں۔

پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 113 نئے کیس سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعدمتاثرین کی تعداد 6 ہزار 316 ہو گئی۔ 4 افراد کی ہلاکت کے بعد مجموعی تعداد 151 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان میں وبا کے 15 نئے کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 573 ہو گئی۔ ایک ہلاکت کے بعد مجموعی تعداد 96 ہو گئی ہے۔

Haris Qadeer
+ posts

حارث قدیر کا تعلق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے راولا کوٹ سے ہے۔  وہ لمبے عرصے سے صحافت سے وابستہ ہیں اور مسئلہ کشمیر سے جڑے حالات و واقعات پر گہری نظر رکھتے ہیں۔