سٹاک ہولم (نامہ نگار) جمعے کے روز سویڈش طالبہ گریتا تھن برگ کی کال پر دنیا بھر میں 3000 مقامات پر ماحولیات کی تباہی کے خلاف اور اس تباہی کو روکنے کے لئے کلائمیٹ مارچ منعقد ہوئے۔
گریتا تھن برگ کی اپیل پر گذشتہ سال پاکستان سمیت دنیا بھر میں مارچ منعقد کئے گئے تھے۔ آٹھویں جماعت کی طالبہ کے طور پرگریتا تھن برگ نے جمعے کے روز سکولوں میں ہڑتال کا سلسلہ سویڈن میں شروع کرایا جس کے بعد یہ تحریک پوری دنیا میں پھیل گئی۔ وہ عالمی سطح پر ماحولیات کی تباہی کے خلاف جدوجہد کی علامت بن چکی ہیں۔
جمعے کے روز انہوں نے اپنے پیغام میں کہا: ”ماحولیاتی بحران کو بحران کے طور پر دیکھنے کی ضرورت ہے۔ اتنی سادہ سی بات ہے۔ اسے ابھی بحران سمجھا ہی نہیں گیا۔ جب تک اسے بحران نہیں سمجھا جائے گا، اسے ’حل‘ بھی نہیں کیا جائے گا“۔
سویڈن میں جمعے کے روز ایک سو مقامات پر مارچ کا اہتمام کیا گیا۔ باقی دنیا میں کرونا وبا کی وجہ سے لاگو پابندیوں کی وجہ سے کئی مقامات پر ورچوئل مارچ کئے گئے۔