خبریں/تبصرے

ایکواڈور کے صدارتی انتخابات: بائیں بازو کے آندریس اراؤز کو سروے پولز میں واضح برتری

لاہور (جدوجہد رپورٹ) ایکواڈور کی کمیونیکالیزا پولنگ کمپنی نے سروے کے نتائج جاری کر دیئے ہیں، نتائج کے مطابق آئندہ ماہ 7 فروری کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں بائیں بازو کے امیدوار آندریس اراؤز کو واضح برتری حاصل ہے۔

ٹیلی سور کے مطابق سروے میں 49.4 فیصد رائے دہندگان نے ووٹ دینے کا ارادہ کر رکھا ہے، جن میں سے 23 فیصد نے کہا کہ وہ یونین فار ہوپ (UNES) کے امیدوار کا انتخاب کرینگے۔

کریو سوشل کرسچن پارٹیکے اتحادی امیدوار گیلر مولاسو کو 11.7 فیصد ووٹ ملے جبکہ پاچاکوٹک پارٹی کے امیدوار یاکوپیریز تیسرے نمبر پر رہے اور انہیں 12.1 فیصد ووٹ ملے۔

رواں ہفتے سابق صدر رافیل کورایا نے آندریس اراؤز کی فتح کو یقینی قرار دیا اور انہوں نے کہا کہ ”تمام سروے پولز ہمیں پہلے نمبر پر رکھے ہوئے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ ہم یہ انتخاب پہلے راؤنڈ میں ہی جیت جائیں گے۔“

سروے میں بیشتر رائے دہندگان 20 سے 35 سال کی عمر اور ہائی سکول سے فارغ التحصیل ہونے کے ساتھ ساتھ متوسط اور نچلے درجے کے افراد ہیں۔

سروے میں شامل 35 فیصد افراد بے روزگار ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کی بنیادی پریشان روزگار تک رسائی نہ ہونا تھی۔

ایکواڈور میں انتخابی مہم میں عوام کی عدم دلچسپی میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ سروے میں شامل پچاس فیصد لوگوں نے کہا کہ انہیں انتخابی عمل میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، جبکہ 38 فیصد نے کہا کہ انہوں نے کسی صدارتی مباحثے کو نہیں سنا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts