لاہور (جدوجہد رپورٹ) گذشتہ روز جرمنی کے اہم شہر فرینکفرٹ میں دس ہزار افراد نے امریکی پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے سیاہ فام شہری جارج فلوئڈ کی ہلاکت کے خلاف مظاہرہ کیا جبکہ اوسلو میں پندرہ ہزار افراد نے مظاہرے میں حصہ لیا۔
دنیا بھر سے مظاہروں کی خبریں آ رہی ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق آسٹریلیا کے دارلحکومت کینبرا میں مظاہرین نے پارلیمنٹ تک مارچ کیا اور وہ آسٹریلیا کے آدیواسیوں کے لئے بھی نعرے لگا رہے تھے۔
لندن میں ایک مرتبہ پھر سینکڑوں لوگ شہر کے تاریخی ٹریفگر اسکوائر میں جمع ہوئے اور جارج فلوئڈ سے یکجہتی کے لئے مظاہرہ کیا۔ گذشتہ ایک ہفتے میں لندن کے اندر یہ تیسرا مظاہرہ تھا۔
آسٹریا میں امریکی سفارت خانے کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ اٹلی، لائبیریا، کینیڈا، یونان اور نیدرلینڈز میں بھی مظاہرے کئے گئے۔
اس کے علاوہ کل پیرس میں مظاہرے کئے جائیں گے۔