خبریں/تبصرے

جارج فلوئڈ کی ہلاکت: لندن، سٹاک ہولم اور پیرس میں ہزاروں کے احتجاجی مظاہرے

لاہور (جدوجہد رپورٹ) جارج فلوئڈ کی ہلاکت کے خلاف گذشتہ روز لندن میں دسیوں ہزار لوگوں نے شہر کے تاریخی ہائڈ پارک میں مظاہرہ کیا جبکہ سویڈن کے دارلحکومت سٹاک ہولم میں بھی ہزاروں لوگوں نے شہر کے مرکز میں زبردست مظاہرہ کیا جس میں کم از کم دس ہزار لوگوں نے شرکت کی۔ یاد رہے سٹاک ہولم میں کرونا کی وجہ سے پچاس سے زیادہ لوگوں کے اجتماع پر پابندی ہے۔

اتوار کے روز بھی لندن میں ایک مظاہرہ ہوا تھا جس میں چند ہزار لوگ شامل ہوئے تھے۔

منگل کے روز ہزاروں افراد نے امریکی سیاہ فام شہری جارج فلوئڈ کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کے خلاف پیرس میں بھی ایک مظاہرے میں حصہ لیا۔ یہ مظاہرہ پابندی کے باوجود منعقد کیا گیا تھا۔ فرانس میں بھی، بالخصوص تارکین وطن کی کمیونٹی کے خلاف، پولیس تشدد کے الزامات لگتے رہے ہیں۔ اس سال جنوری میں پیرس میں بھی ایک شخص بالکل اسی طرح گرفتاری کے دوران ہلاک ہو گیا جیسے جارج فلوئڈ کی ہلاک ہوئے تھے۔

پیرس میں ہونے والے مظاہرے سے لگتا ہے کہ یہ مظاہرے پوری دنیا میں پھیل سکتے ہیں کیونکہ پیر کے روز نیوزی لینڈ کے بعض شہروں اور قصبوں میں بھی جارج فلوئڈ کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کے خلاف عوامی مظاہرے ہوئے۔ اتوار کے دن برلن میں بھی امریکی سیاہ فام شہری جارج فلوئڈ کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کے خلاف مظاہرے ہوئے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts