لاہور (جدوجہد رپورٹ) فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کے مختلف شہروں اور پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کے مختلف شہروں میں بائیں بازو کی تنظیموں اور انسانی حقوق کے کارکنان سراپا احتجاج ہیں۔
18 مئی کو آل پاکستان ایمپلائز، لیبراینڈ پنشنرز تحریک، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین، عوامی ورکرز پارٹی، سی ڈی اے، پی ایف یو جے اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے زیر اہتمام کراچی، لاہور، ڈسکہ اور اسلام آباد میں احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔
انقلابی طلبہ محاذ (آر ایس ایف) اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (پی ٹی یو ڈی سی) کے زیر اہتمام جمعرات اور ہفتہ کے روز صادق آباد، حیدرآباد سمیت دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے منعقد کئے جا رہے ہیں۔
لاہور پریس کلب کے سامنے ہفتہ کے روز حقوق خلق موومنٹ، پراگریسیو سٹوڈنٹس کلیکٹو اور دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن اور پی ٹی یو ڈی سی کے زیر اہتمام آج جمعرات کے روز مظفرآباد، باغ، کھائی گلہ اور ہجیرہ میں احتجاجی مظاہرے منعقد کئے جا رہے ہیں، جبکہ راولاکوٹ میں ہفتہ 22 مئی کو جے کے این ایس ایف کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا جائیگا۔