لاہور (جدوجہد رپورٹ) دی فرائیڈے ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور کابینہ بجٹ کی منظوری کیلئے مقتدر قوتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ پارلیمنٹ میں شور شرابا اور تقسیم بجٹ منظور ہونے کے راستے میں رکاوٹ بن سکتا ہے اور فنانس بل کی منظوری میں ناکامی دوسرے لفظوں میں عدم اعتماد ہو گا اور پارلیمنٹ کی تحلیل کا باعث بن سکتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خدشات کا شکار اور گھبرائے ہوئے وزرا نے عمران خان سے رابطہ کیا اور کہا کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن کو راضی اور ماحول کو ٹھنڈا رکھنے کیلئے کچھ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ورنہ ہم فنانس بل منظور کروانے سے قاصر ہو سکتے ہیں۔ تاہم عمران خان کا رد عمل پراعتماد اور ناقابل شکست تھا، انہوں نے اپنے کندھوں کو جھٹکا اور جواب دیا کہ جن لوگوں کو ڈیڑھ کھرب روپے کا بجٹ منظور کرنے کی ضرورت ہے وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ فنانس بل پاس ہو۔