لاہور (جدوجہد رپورٹ) جنوبی وزیرستان سے منتخب ممبر قومی اسمبلی علی وزیر اور پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی خورشید شاہ کو پروڈکشن آرڈرز پر رہا کر دیا گیا ہے۔ علی وزیر گزشتہ روز ہی کراچی کی سنٹرل جیل سے اسلام آباد منتقل ہو گئے ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ہفتہ کے روز اپوزیشن کے دونوں اراکین کی پیر کے روز جاری بجٹ اجلاس میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے پروڈکشن آرڈرز جاری کئے تھے۔
جاری بجٹ اجلاس کے دوران حزب اختلاف کے متعدد قانون سازوں نے اسپیکر سے دونوں حراست میں رکھے اپوزیشن رہنماؤں کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کو کہا تھا۔
انہوں نے اسپیکر سے یہ بھی درخواست کی تھی کہ وہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے خواجہ آصف کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں۔ تاہم، مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے کو گذشتہ ہفتے لاہور ہائی کورٹ نے ضمانت دے دی تھی۔
واضح رہے کہ خورشید شاہ اور خواجہ آصف کو احتساب بیورو نے بدعنوانی کے الزامات کے تحت حراست میں لیا تھا جبکہ جنوبی وزیرستان سے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما علی وزیر کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت زیر حراست رکھا گیا ہے۔