خبریں/تبصرے

جنرل باجوہ کی نواز شریف سے خفیہ ملاقات کی افواہیں

لاہور (جدوجہد رپورٹ) پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی برطانیہ میں سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف سے مبینہ ملاقات بارے صحافتی حلقوں میں قیاس آرائیاں اور انکشافات ہوئے ہیں۔

سینئر صحافی اور اینکر پرسن انیق ناجی اور تجزیہ کار ماریانہ بابر کے حوالے سے صحافی اسد علی طور نے اپنے ولاگ میں یہ انکشاف کیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ برسلز کے دور روزہ سرکاری دورے کے بعد اپنے چارٹرڈ طیارے پر واپس سوار نہیں ہوئے اور اس طیارے کی یو اے ای میں موجودگی کی آرمی ذرائع نے تصدیق کی ہے۔ تاہم یہ تصدیق نہیں کی گئی کہ آیا اس میں آرمی چیف بھی موجود تھے یا نہیں۔

انیق ناجی کے مطابق برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بھی آرمی چیف کی برطانیہ موجودگی سے متعلق لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ تاہم جس روز آرمی چیف کی برطانیہ موجودگی کی خبریں چل رہی تھیں، اس روز شریف خاندان کے اہم افراد کے موبائل فون بند تھے۔

تاہم بعد ازاں یہ انکشاف کیا گیا کہ میاں محمد نوازشریف کی پاکستان کی طاقتور شخصیت سے دو ملاقاتیں ہوئی ہیں، یہ شخصیت سویلین نہیں تھی۔ ایک ملاقات میاں نوازشریف کی ون آن ون ہوئی ہے، جبکہ دوسری ملاقات میں اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔

تاہم اس ملاقات کے حوالے سے کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

دوسری طرف اسد علی طور نے دعویٰ کیا ہے کہ مریم اورنگزیب کی جانب سے ’پشاور والے صاحب‘ کی جانب سے لوگوں کو فون کئے جانے والا بیان میاں نوازشریف نے خود تیار کروا کر مریم اورنگیزب کے ذریعے جاری کروایا ہے۔

انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ’پشاور والے صاحب‘ کی فون کالیں ٹیپ بھی ہوئی ہیں اور مسلم لیگ ن کو فراہم بھی کی گئی ہیں جس سے یہ ظاہر ہو رہا ہے کہ آرمی چیف کی دوڑ میں کافی تیزی آ چکی ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts