لاہور (جدوجہد رپورٹ) بائیں بازو کی جماعت حقوق خلق موومنٹ کے زیر اہتمام رواں ماہ 27 مارچ کو دن 02 بجے ناصر باغ لاہور میں ایک عوامی جلسے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
جلسے کا مقصد آمدہ بلدیاتی اور عام انتخابات کیلئے لاہور شہر کے نمائندوں کو سامنے لانا ہے۔ جلسہ کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، رابطہ مہم عروج پر ہے۔
اس سلسلے میں ’جدوجہد‘ سے گفتگو کرتے ہوئے حقوق خلق موومنٹ کے مرکزی رہنما فاروق طارق نے بتایا کہ حقوقِ خلق موومنٹ ایک ایسا سیاسی پلیٹ فارم ہے جو لاہور شہر کو اصل معنوں میں ان لوگوں کا شہر بنانا چاہتا ہے جن کی محنت اور لگن سے یہ شہر تعمیر کیا گیا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ لاہور کے غریب عوام کی قیادت میں ایک ایسا شہر بنایا جا سکتا ہے جو بڑی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں بڑے بڑے گھروں میں رہنے والے امیر افراد کے لیے نہ ہو بلکہ یہ لاکھوں عوام کی ضروریات کی ترجمانی کرے۔
انکا کہنا تھا کہ جلسہ آئندہ آنے والے بلدیاتی اور عام انتخابات کے لیے ایسی آوازوں کو سامنے لانے کے لیے بھی منعقد کیا جا رہا ہے جو اصل معنوں میں لاہور شہر کے نمائندے ہیں۔ اس جلسے میں لاہور کے غریب علاقوں، کچی آبادیوں، فیکٹریوں اور کارخانوں میں محنت کرنے والے افراد اور طالب علم شامل ہوں گے۔ اس جلسے کے ذریعے اس بات کا عہد کیا جائے گا کہ حقوقِ خلق موومنٹ کے پلیٹ فارم سے عام افراد کو انتخابات میں حصہ لینے کیلئے نامزد کیا جا رہا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہی لوگ ہی لاہور کو اصل معنوں میں زندہ دلوں اور عام لوگوں کا شہر بنا سکتے ہیں۔ لہٰذا اس جلسے میں شرکت کر کے سیاست کی باگ ڈور سنبھالیں اور اپنی اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک مساوی، صاف ستھرا اور خوشحال شہر بنانے کے لیے حقوقِ خلق موومنٹ کا ساتھ دیں۔