لاہور (جدوجہد رپورٹ) افغانستان کے دارالحکومت کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ایک دھماکا ہوا ہے۔ مقامی صحافی کے مطابق یہ دھماکہ کابل ایئرپورٹ کے قریب ایک مکان پر راکٹ حملے کی وجہ سے ہوا ہے، دھماکہ کے نتیجہ میں خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، ہلاک شدگان کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
دوسری جانب رائٹرز کے مطابق امریکی عہدیداروں نے بتایا ہے کہ ان کی فوج نے اتوار کو کابل میں داعش کے ہدف کو نشانہ بنایا ہے۔ داعش خراسان کے ایک کار سوار خود بمبار کو ڈرون حملے کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
اے ایف پی کے مطابق یہ ایئرپورٹ کے قریب ایک راکٹ حملہ تھا جس کا نشانہ ایک مکان بنا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ کابل ایئرپورٹ کے قریب دھماکہ ہوا اور ٹیلی ویژن پر چلنے والی ویڈیوز میں سیاہ دھواں اٹھتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔
حملے میں ہلاکتوں یا زخمیوں کی کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے، عینی شاہدین کے مطابق حملہ کابل ایئرپورٹ کے شمال کی طرف ایک گھر پر کیا گیا ہے۔
طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی تصدیق کی ہے کہ امریکہ نے فضائی حملے میں ایک خودکش بمبار کی گاڑی کو نشانہ بنایا، یہ حملہ آور کابل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔
یاد رہے کہ کابل ایئرپورٹ پر جمعرات کو ہونے والے داعش کے خودکش حملے میں 150 سے زائد افغان شہری اور 13 امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔