خبریں/تبصرے

آزاد کشمیر میں ’مکمل آزادی‘ کی بات پر ڈیلی ڈان کی رپورٹنگ بھی گڑ بڑ: احتجاج کے بعد تصویر تبدیل

طلعت بٹ

26 اگست کو پیپلز نیشنل الائنس کے زیر اہتمام آزاد کشمیر میں ”ریاست جموں کشمیر چھوڑ دو“ تحریک کا آغاز ہوا۔ اس سلسلے میں راولپنڈی کے علاوہ پورے آزاد کشمیر میں مظاہرے ہوئے۔ پاکستانی نیوز چینلز تو اس خبر کو نشر کرنے سے ہی کتراتے رہے مگر اخبارات نے جو کوریج دی اس میں بھی گڑ بڑ کی ایک افسوسناک مثال ڈیلی ڈان کی کوریج ہے۔

ڈیلی ڈان کی شہرت یہ ہے کہ وہ ایک لبرل اخبار ہے اور ایسے موضوعات کو بھی جگہ دیتا ہے جو عموماً باقی اخبارات میں جگہ نہیں پاتے۔ یہ شہرت ایسی غلط بھی نہیں۔ پی این اے کی مذکورہ بالا خبر 27 اگست کی اشاعت میں بہت اچھی طرح شائع کی گئی مگر یہی خبر جب آن لائن جاری کی گئی تو خبر کے ساتھ پی این اے کی مظفر آباد میں ہونے والی ریلی کی تصویر کی بجائے، جماعت اسلامی کے ایک مظاہرے کی تصویر جاری کر دی گئی۔

برطانیہ میں قائم جے کے ٹی وی (آن لائن) نے ڈان اخبار کی اس گڑ بڑ کا انکشاف کیا۔ اس انکشاف کے بعد مظفر آباد میں سیاسی کارکنوں نے ڈان اخبار کے مقامی بیورو سے رابطہ کر کے احتجاج کیا۔ ایک دن کے بعد تصویر بدل دی گئی اور مظفر آباد کے مظاہرے کی وہی تصویر اپ لوڈ کر دی گئی جو اخبار میں شائع ہوئی تھی۔ آن لائن خبر میں گوگل سرچ انجن کے لئے جو ’URL‘ میٹا ڈیٹا ہوتا ہے، اس میں یہ لکھا گیا کہ صرف بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے گئے۔

مندرجہ ذیل تصاویر سے اس ساری گڑ بڑ کو سمجھا جا سکتا ہے۔

27 اگست کو ڈان میں شائع ہونے والی خبر اور تصویر کا عکس

ڈان کی آن لائن خبر جس میں پی این اے کے مظاہرے کی بجائے جماعت اسلامی کے مظاہرے کی تصویر لگا دی گئی تھی۔

البتہ احتجاج کے بعد اصل تصویر لگا دی گئی۔

Talat Butt
+ posts

طلعت بٹ پروفیشنل فلم میکر ہیں۔ ایک عرصے سے سویڈن میں مقیم ہیں اور مختلف سیاسی و سماجی تحریکوں سے وابستہ ہیں۔