راولاکوٹ (نامہ نگار) پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیرمیں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔ پونچھ ڈویژن کے 4 اضلاع میں ہونے والے ان انتخابات میں دو اضلاع حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف جیتنے میں کامیاب رہی، جبکہ دو اضلاع اپوزیشن جماعتیں جیتنے میں کامیاب ہوئیں۔ حکمران تحریک انصاف سنگل لارجسٹ پارٹی کے طور پر سامنے آئی ہے، تاہم اپوزیشن مجموعی نشستوں میں تحریک انصاف سے آگے ہے۔
لوکل کونسلوں میں آزاد امیدوار دوسری بڑی پارٹی بن کر سامنے آئے ہیں، تاہم ضلع کونسلوں کے نتائج میں آزاد امیدوار اس طرح کی کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو پائے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے مجموعی طور پر 787 نشستوں سے 708 کے نتائج ہی جاری کئے گئے ہیں۔ ان نتائج کے مطابق تحریک انصاف 229 نشستوں کے ساتھ ڈویژن کی سب سے بڑی پارٹی کے طور پر سامنے آئی ہے، آزاد امیدوار 199 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ مسلم لیگ ن 129، پیپلز پارٹی 104، جموں کشمیر پیپلز پارٹی 28، تحریک لبیک پاکستان 7، جمعیت علمائے اسلام 4، مسلم کانفرنس 4 اور جماعت اسلامی 4 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے۔ یوں اپوزیشن جماعتوں کی مجموعی نشستیں (لوکل اور ضلع کونسل) حکومتی اتحاد سے زیادہ ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے نتائج کے مطابق مجموعی طور پر 88 ضلع کونسل کی نشستوں میں سے تحریک انصاف نے 34، مسلم لیگ ن نے 21، پیپلزپارٹی نے 14، آزاد امیدواران نے 6، جموں کشمیر پیپلز پارٹی نے 5، مسلم کانفرنس نے 5، جے یو آئی نے 01، جماعت اسلامی نے 01 نشست حاصل کی ہے۔
ضلع پونچھ کی 29 نشستوں میں سے مسلم لیگ ن نے 10، تحریک انصاف نے 7، پیپلز پارٹی نے 06، جے کے پی پی نے 5 نشستیں حاصل کیں اور ایک آزاد امیدوار بطور ضلع کونسلر کامیاب ہوا ہے۔ یوں ضلع پونچھ میں مسلم لیگ ن اپنا چیئرمین ضلع کونسل بنانے میں باآسانی کامیاب ہوتی نظر آ رہی ہے۔
ضلع سدھنوتی میں کل 19 نشستوں میں سے تحریک انصاف نے 11 نشستیں حاصل کیں، مسلم لیگ ن نے 4، آزاد امیدواران 2 اور جمعیت علمائے اسلام ایک نشست حاصل کر سکی، ایک نتیجہ روک دیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس ایک بھی ضلع کونسل کی نشست نہ جیت سکیں۔ یوں تحریک انصاف چیئرمین ضلع کونسل بنانے میں باآسانی کامیاب ہو جائے گی۔
ضلع حویلی کی 12 نشستوں میں سے مسلم لیگ ن نے 5، پیپلز پارٹی نے 5 اور حکمران تحریک انصاف نے 2 نشستیں حاصل کیں۔ یہاں اپوزیشن جماعتیں چیئرمین ضلع کونسل بنانے میں باآسانی کامیاب ہو جائیں گی۔
ضلع باغ کی کل 28 نشستوں میں سے تحریک انصاف نے 14، مسلم کانفرنس نے 5 پیپلز پارٹی نے 3، آزاد امیدواران 3، ن لیگ نے 2 اور جماعت اسلامی نے ایک نشست حاصل کی۔ تحریک انصاف یہاں چیئرمین بنانے میں کامیاب ہوتی نظر آ رہی ہے۔
پونچھ ڈویژن میں دو میونسپل کارپوریشن میں سے راولاکوٹ میں جموں کشمیر پیپلزپارٹی نے کامیابی حاصل کی، جبکہ تحریک انصاف محض 3 نشستیں جیت سکی۔ یہاں میئر بنانے کیلئے اپوزیشن کی پارٹیاں آپس میں مقابلہ کریں گی۔ تاہم میونسپل کارپوریشن باغ میں تحریک انصاف نے واضح برتری حاصل کی ہے۔ وزیر اعظم تنویر الیاس اپنا آبائی حلقہ بری طرح سے ہار گئے ہیں، تاہم اپنے حلقہ انتخاب سے انہوں نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے۔
ابھی تک سامنے آنے والے نتائج میں ایک خاتون سوشلسٹ امیدوار نوشین کنول میونسپل کارپوریشن راولاکوٹ سے کامیاب ہوئی ہیں۔ ابھی تک کی معلومات کے مطابق دو قوم پرست رہنما بھی راولاکوٹ سے کامیاب ہوئے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن راولاکوٹ سے کامیاب ہونے والے حماد صدیق کا تعلق نیشنل عوامی پارٹی سے تھا، وہ آزادحیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہے تھے، تاہم مسلم لیگ ن کی حمایت حاصل تھی۔ حسین کوٹ میں لوکل کونسلر کی نشست پر کامیاب ہونے والے عابد یوسف کا تعلق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (صغیر) سے تھا، تاہم وہ انتخاب میں حصہ لینے سے قبل پارٹی رکنیت سے مستعفی ہو گئے تھے، کیونکہ پارٹی نے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کر رکھا تھا۔