مظفرآباد (جدوجہد رپورٹ) جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن نے ریاست گیر مہنگائی مخالف احتجاجی مہم اور طلبہ کو سیاست میں متحرک کرنے کیلئے رکنیت مہم چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ تمام تعلیمی اداروں میں تنظیم سازی، ضلعی تنظیموں کے کنونشن منعقد کرنے، عزم کی اشاعت، آئین و منشور کی از سرنو اشاعت اور نومنتخب قیادت کے ریاست بھر میں سیاسی دورے کے فیصلہ جات بھی کئے گئے ہیں۔
یہ فیصلہ جات جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کی نومنتخب کابینہ کے اجلاس میں کئے گئے ہیں۔ اجلاس کی صدارت مرکزی صدر خلیل بابر نے کی، جبکہ سابق مرکزی صدور راشد شیخ اور بشارت علی خان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس سے مرکزی صدر خلیل بابر کے علاوہ سابق مرکزی صدور راشد شیخ، بشارت علی خان، سیکرٹری جنرل باسط ارشاد،سینئر نائب صدر عدنان خان، نائب صدر راجہ نصیر، جوائنٹ سیکرٹری انعم اختر، ایڈیٹر عزم بدر رفیق، ڈپٹی چیف آرگنائزر عثمان عزیز، چیئرمین شعبہ نشرو اشاعت فیضان علی سرور، چیئرمین سٹڈی سرکل ڈاکٹر سعد الحسن، ڈپٹی چیئرمین سٹڈی سرکل خرم چوہان، میڈیا سیکرٹری راجہ حسنین، چیئرمین جامعہ پونچھ مجیب خان، سابق ڈپٹی چیئرمین مالیاتی بورڈ ارسلان شانی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
کابینہ اجلاس میں مرکزی کمیٹی کی نامزدگیوں کیلئے تمام اضلاع سے تجاویز حاصل کی گئیں۔ تمام تعلیمی اداروں میں تنظیم سازی کیلئے ”طلبہ سیاست کیوں؟“ کے عنوان سے رکنیت مہم کے آغاز کا اعلان کیا گیا، تمام ذیلی تنظیموں کے زیر اہتمام سٹڈی سرکل منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ آئین و منشور کی از سر نو اشاعت اور عزم کی اشاعت کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں یہ بھی اعلان کیا گیا کہ جے کے این ایس ایف مہنگائی کے خلاف ریاست گیر احتجاجی مہم چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ این ایس ایف نے ماضی میں بھی طلبہ یونین پر عائد پابندی کے خلاف اور طلبہ حقوق کی بازیابی کیلئے طویل جدوجہد کی ہے۔تمام تعلیمی اداروں میں طلبہ کو سیاست میں متحرک کرنے اور طلبہ سے چھینے گئے بنیادی حقوق کی بازیابی کی جدوجہد کو ہر تعلیم ادارے تک پھیلانے کیلئے این ایس ایف ریاست بھر میں بھرپور مہم چلائے گی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن نے ہمیشہ طلبہ حقوق کی بازیابی کے ساتھ ساتھ اس خطے میں حقیقی اپوزیشن کا کردار بھی ادا کیا ہے اور جموں کشمیر کی قومی آزادی کی جدوجہد کو سائنسی خطوط پر استوار کرنے کے حوالہ سے بھی جے کے این ایس ایف کا کردار ہمیشہ کلیدی رہا ہے۔
طلبہ کو جدید سائنسی سوشلزم کے نظریات سے لیس کرتے ہوئے ہم اس جدوجہد کو ناصرف جاری و ساری رکھیں گے بلکہ اس خطے سے ہر طرح کے ظلم، جبر، استحصال، قومی و طبقاتی غلامی سے نجات حاصل کرنے اور ایک سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے طبقات سے پاک معاشرے کے قیام تک جے کے این ایس ایف کا یہ سرخ پوش قافلہ جدوجہد کا سفر جاری و ساری رکھے گا۔