راولاکوٹ (نامہ نگار) جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے سابق مرکزی صدر اور معروف سوشلسٹ رہنما امجد شاہسوار کی دوسری برسی اندرون و بیرون ریاست عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔
مرکزی صدر جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن خلیل بابر کی قیادت میں جلوس کی شکل میں امجد شاہسوار کی قبر پر حاضر ی دی گئی۔ مرکزی صدر اور دیگر ساتھیوں نے قبرپر پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر مقررین نے امجد شاہسوار کی جدوجہد اور نظریات کو آگے بڑھانے کا عزم کیا اور امجد شاہسوار کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
مرکزی صدر خلیل بابر، سابق مرکزی صدر و جنرل سیکرٹری آرگنائزنگ کمیٹی پی آر ایف ابرار لطیف، سابق مرکزی صدر این ایس ایف بشارت علی خان، جنرل سیکرٹری جامعہ پونچھ علیزہ اسلم، ایڈیٹر عزم بدر رفیق، سابق چیئرمین جامعہ پونچھ مجیب خان اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امجد شاہسوار انقلاب کا ایسا بے خوف سپاہی تھا، جس نے جہالت اوررجعت کا شکار جموں کشمیر اور پاکستان کے نوجوانوں کو انقلابی سوشلزم کے نظریات سے روشناس کروانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کو اپنی اساس اور نظریات پر استوار کرنے کا بیڑا اٹھایا اور تمام تر سازشوں، فتویٰ بازی، دھمکیوں اور ریاستی یلغار کے باوجود اس انقلابی فریضے کو زندگی کی آخری سانسوں تک سرانجام دیتے رہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ تنظم کے اندر اور باہر نظریات کے دفاع میں امجد شاہسوار اور ساتھیوں کو بہت صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں، ان پر قاتلانہ حملے ہوئے، تشدد کیا گیا، ہجوم کے ہاتھوں قتل کروانے کی سازشیں کی گئیں، لیکن انہوں نے جھکنے سے انکار کیا۔ عوامی حقوق اور طلبہ حقوق کی بازیابی کیلئے جدوجہد کے دوران انہوں نے راولاکوٹ، مظفر آباد اور میر پور ہی نہیں لاہور اور اسلام آباد کی سڑکوں کو بھی اپنی لہو سے رنگا، متعدد مرتبہ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن ریاست اور بالادست قوتوں کیساتھ کبھی کمپرومائز نہیں کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ امجد شاہسوار کی دوسری برسی کے موقع پر ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ محنت کش طبقے کے دکھوں اور مصائب سے نجات تک اس جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔ انقلابی سوشلزم کے نظریات کو نوجوانوں اور محنت کش عوام کی وسیع تر پرتوں تک پہنچاتے ہوئے اس نظام کے خلاف آخری فتح تک اس جدوجہد کو جاری و ساری رکھا جائے گا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ آج حکمران طبقات نے اپنے مرتے ہوئے نظام کا تمام تر بوجھ غریب عوام پر ڈالتے ہوئے دو وقت کی روٹی تک چھین لی ہے۔ عوامی حقوق کیلئے بات کرنا جرم بنادیا گیا ہے، لیکن ظلم جتنا بڑھتا ہے، بغاوت اتنی ہی ناگزیر ہو جاتی ہے۔ ہم حکمرانوں کے ہر ہتھکنڈے کو بے نقاب کرتے ہوئے اس نظام کو للکارنے کا فریضہ سرانجام دیتے رہیں گے۔
امجد شاہسوار کی برسی کے سلسلہ میں مظفرآباد، باغ، کوٹلی، راولپنڈی، ملائشیا اور دیگر مقامات پر بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔