لاہور(جدوجہد رپورٹ) پاکستان کی نگران وفاقی کابینہ نے عام انتخابات سے دو روز قبل پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز(پی آئی اے) کی تنظیم نو کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت پی آئی اے کو 2کمپنیوں میں تقسیم کر دیا جائے گا۔ یہ عمل پی آئی اے کی نجکاری کیلئے اہم اور فیصلہ کن ہو گا۔ اس کے علاوہ کابینہ نے فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ کی نجکاری کی بھی منظوری دی ہے۔
’ڈان‘ کے مطابق نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے جاری اعلامیہ کے مطابق نگران وفاقی کابینہ نے طاہر حمید شاہ کو چیئرمین پی او ایف بورڈ تعینات کرنے کی منظوری دی۔طاہر حمید شاہ کی بطور چیئرمین پی او ایف بورڈ تعیناتی کا اطلاق 29 نومبر 2023 سے ہوگا۔
اجلاس میں پشاور کی 8 میں سے 4 احتساب عدالتوں کو خصوصی عدالتوں میں بدلنے کی منظوری بھی دی گئی۔وفاقی کابینہ نے نجکاری ڈویژن کی سفارش پر پی آئی اے کی تنظیم نو کی بھی منظوری دی، تنظیم نو کے تحت پی آئی اے کو 2 کمپنیوں میں تقسیم کر دیا جائے گا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ٹاپ کو پی آئی اے کے انجینئرنگ، گراؤنڈ ہینڈلنگ، کارگو، فلائٹ کچن اور ٹریننگ کے امور کی ذمہ دار ہوگی۔ہولڈ کو پی آئی اے انجینئرنگ کمپلیکس، انویسٹمنٹ فنڈ اور ذیلی اداروں کی ذمہ دار ہوگی۔وفاقی کابینہ نے فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ کی نجکاری اور ضروری ادویات کے علاوہ دیگر کی ڈی لسٹنگ کی بھی منظوری دے دی۔
ڈاکٹرز کی جانب سے مریضوں کو وٹامنز، ملٹی وٹامنز، منرلز تجویز کرنیکے لیے ضوابط طیکر نے کی بھی منظوری دی گئی۔