خبریں/تبصرے

پبلک نیوز کے ملازمین چار ماہ سے تنخواہوں سے محروم، چھانٹیاں جاری

لاہور (ناصر اقبال)  پچھلے سال 24 جون سے آغاز کرنے والے نجی ٹی وی چینل ’پبلک نیوز‘ نے اپنے ملازمین کی تنخواہیں روک لی ہیں اور چھانٹیاں شروع کر دی ہیں۔ صحافیوں کو بے روزگار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک سال کے اندر ہی یہ نیا ٹیلی وژن چینل محنت کشوں سے کھلی دشمنی پر اتر آیا ہے۔

لاہور پریس کلب کے قائمقام صدر ذوالفقار علی مہتو، نائب صدر ناصرہ عتیق، سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری حافظ فیض احمد، خزانچی سالک نواز اور اراکین گورننگ باڈی نے پبلک نیوز کی جانب سے ملازمین کو چار ماہ سے تنخواہیں ادا نہ کرنے اور زبردستی چھانٹیاں کر کے انہیں بے روزگار کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ میڈیا انڈسٹری اس وقت شدید بحران کا شکار ہے۔ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ان کے اداروں میں حکومت کی جانب سے کوئی جاب سکیورٹی فراہم نہیں کی گئی جس کے باعث میڈیا مالکان کی بدمعاشی بڑھتی چلی جا رہی ہے اور اداروں میں منافع کے باوجود وہ ملازمین کو بےروزگار کررہے ہیں جو سراسر ظلم اور ناانصافی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شعبہ صحافت سے وابستہ افراد موجودہ میڈیا بحران کے باعث شدید ذہنی تناﺅ کا شکار ہیں۔ ان کی روزمرہ کی زندگی تباہ ہوکے رہ گئی ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ پبلک نیوز اور دیگر اداروں میں ملازمین کی رُکی ہوئی تنخواہیں فی الفور ادا کریں اور جن ملازمین کو نوکریوں سے برخاست کیا گیا ہے انہیں دوبارہ بحال کرایا جائے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts