سٹاک ہولم (نمائندہ جدوجہد) گذشتہ اتوار (28 جولائی) کو معروف شاعرہ فہمیدہ ریاض کی سالگرہ سٹاک ہولم میں مقیم معروف شاعر مسعود قمر کے گھر پر منائی گئی جس میں فہمیدہ ریاض کی بیٹی ڈاکٹرویرتا کے علاوہ سٹاک ہولم میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی معروف ادبی،سماجی و دانشور شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر منعقد ہونے والی تقریب پر مختلف مقررین نے فہمیدہ ریاض کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کی میزبانی کرتے ہوئے مسعود قمر نے فہمیدہ ریاض کی زندگی اور جدوجہد بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فہمیدہ ریاض میرٹھ میں پیدا ہوئیں۔ان کا خاندان، بالخصوص والد علم و ادب کی دنیا سے تعلق رکھتے تھے جس نے فہمیدہ ریاض کو شاعری اور سیاست کی جانب راغب کیا۔ فہمیدہ ریاض دورِ طالب علمی میں ترقی پسند خیالات سے متاثر ہو کر مارکس واد کی جانب راغب ہوئیں۔ شادی کے بعد،وہ لندن چلی گئیں۔شادی ناکام ثابت ہوئی اور وہ کراچی واپس آ گئیں جہاں ان کی ملاقات ظفر اُجن سے ہوئی جو سیاسی کارکن تھے۔ بلوچستان میں بھٹو حکومت نے فوجی آپریشن شروع کر رکھا تھا۔ظفر اُجن اس فوجی آپریشن کی مخالفت میں پیش پیش تھے،اسی مزاحمتی سیاست کے دوران دونوں کی ملاقات ہوئی جو عمر بھر کی رفاقت میں بدل گئی۔
دونوں نے زندگی بھی ساتھ گزاری اور جدوجہد بھی ایک ساتھ کی۔ جدوجہد کا مشکل ترین وقت ضیا آمریت کے دوران آیا۔
ضیا آمریت کے دوران فہمیدہ ریاض کی جدوجہد بارے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ویرتا نے حاضرین محفل کو بتایا کہ ظفر اجن پر گیارہ جبکہ فہمیدہ ریاض پر چودہ مقدمات بنے۔فہمیدہ ریاض پر غداری کا مقدمہ بھی بنا جس کی سزا موت تھی۔ وہ ان جھوٹے مقدمات سے بچنے کے لئے دلی جلا وطن ہو گئیں۔ اس دوران ظفر اُجن پابند سلاسل تھے۔ جلا وطنی سے قبل، ظفر اُجن کے ساتھ مل کر وہ ”آواز“کے نام سے ایک پرچہ بھی نکالتی رہیں۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے شاعر و مترجم مشتاق احمد (سائیں سچا) ،معروف اکیڈیمک ڈاکٹر اشتیاق احمد(پرفیسر امریطس سٹاک ہولم یونیورسٹی) اور کیمونسٹ پارٹی پاکستان کے سابق فل ٹائمر باسط میر نے فہمیدہ ریاض کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا احوال بتایا۔
نوجوان دانشور علی عصام، معروف شاعر احمد فقیہہ اور ریاض الحسن (سابق مدیر’راوی‘[گورنمنٹ کالج لاہور])اور فہمیدہ ریاض کی بیٹی ڈاکٹر ویرتا نے فہمیدہ ریاض کی نظمیں پڑھ کر سنائیں۔
اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب میں اجمل بٹ،خواجہ شاہد،تمیز الرحمن،بیگم اشرف مسعود قمر،فہیم یوسف،فاروق سلہریا اور بعض دیگر افراد بھی شامل تھے۔
تقریب کی تصویری جھلکیاں