خبریں/تبصرے

امریکہ: سوشلسٹ امیدوار برنی سینڈرز صدارتی دوڑ سے دستبردار

لاہور (جدوجہد رپورٹ) ڈیموکریٹک پار ٹی کے صدارتی امیدوار کے لئے دوڑ میں شامل ڈیموکریٹک سوشلسٹ امیدوار، سینیٹر برنی سینڈرز، گذشتہ روز اپنی مہم سے دستبردار ہو گئے۔ برنی سینڈرز کی دستبرداری کے بعد اب یہ تقریباً واضح ہو گیا ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار سابق امریکی نائب صدر جو بائڈن ہوں گے۔

گذشتہ فروری میں ڈیموکریٹک پارٹی کی نامزدگی کے لئے جب مہم شروع ہوئی تو ابتدائی تین ریاستوں میں برنی سینڈرز با آسانی پرائمریز جیت گئے البتہ مارچ میں وہ اکثر ریاستوں میں جو بائڈن سے شکست کھا گئے۔ انہیں ایک طرف ڈیموکریٹک پارٹی کی اسٹیبلشمنٹ کی مخالفت کا سامنا تھا اور دوسری طرف وہ سیاہ فام رائے دہندگان میں زیادہ کامیابی حاصل نہیں کر سکے گو لاطینی امریکہ سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹک ووٹرز میں ان کی کافی مقبولیت تھی۔

انہوں نے گذشتہ امریکی انتخابات میں بھی ڈیموکریٹک پارٹی کے ٹکٹ کے لئے مہم میں حصہ لیا۔ گو وہ ہیلری کلنٹن کے مقابلے پر نامزدگی حاصل نہ کر سکے مگر ان کی مقبولیت نے سب کو حیران کر دیاتھا۔ برنی سینڈرز کو مین اسٹریم امریکی میڈیا میں بھی سخت مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔

Roznama Jeddojehad
+ posts