لاہور (جدوجہد رپورٹ) امریکی صدر ٹرمپ کی ناقد اور معروف امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے جارج فلوئڈ کی ہلاکت کے بعد جاری ہنگاموں پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا ”اپنی ساری مدتِ صدارت کے دوران سفید فام برتری اور نسل پرستی کو آگے بڑھانے کے بعد اب آپ میں یہ اخلاقی جرات کہ آپ تشدد کی دھمکی دیں؟ اور کہیں کہ لوٹ مار شروع ہوتے ہی گولیاں چلنی شروع ہو جائیں گی؟“
اس سے قبل اپنے ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ جارج فلوئڈ کی ہلاکت پر احتجاج کرنے والے بدمعاش لوگ ہیں اور لوٹ مار کا جواب گولیوں سے دیا جائے گا۔ ٹیلر سوئفٹ نے اس بیان کے جواب میں اپنا ٹویٹ جاری کیا۔
واضح رہے جارج فلوئڈ، جنہیں گرفتار کرتے ہوئے ایک امریکی پولیس اہل کار نے ان کی گردن پر گھٹنا رکھ کر ہلاک کر دیا، کی ہلاکت کے بعد امریکہ میں ہنگامے پھیل گئے۔
ٹیلر سوئفٹ نے اپنی ٹویٹ میں صدر ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ”ہم آپ کو نومبر میں ووٹ آؤٹ کر دیں گے“۔ ٹیلر سوئفٹ خواتین حقوق اور ایل جی بی ٹی حقوق کے لئے سرگرم رہتی ہیں۔
شوبز کی دیگر شخصیات نے بھی جارج فلوئڈ کے قتل کی مذمت کی ہے۔ ان میں میڈونا، آریانا گرانڈے، جسٹن بیبر، جیمز فوکس اور جون بوئگا نمایاں ہیں۔