خبریں/تبصرے

حکومت میں آ کر سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت بند کر دیں گے: جیرمی کوربن

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کی لیبر پارٹی کے سوشلسٹ رہنما جیرمی کوربن نے اعلان کیا ہے کہ اگر 12 دسمبر کے انتخابات میں لیبر پارٹی جیت گئی تو وہ حکومت میں آ کر سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت بند کر دیں گے تاکہ سعودی عرب یمن میں یہ اسلحہ استعمال نہ کر سکے۔

یاد رہے برطانیہ سعودی عرب کو اسلحہ بیچنے والا چھٹا بڑا ملک ہے (پہلے پانچ: امریکہ، روس، فرانس، جرمنی اور چین ہیں)۔

جیرمی کوربن اسرائیل کو اسلحہ نہ بیچنے کا اعلان بھی کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر انہوں نے حکومت بنائی تو وہ 400 ملین پاؤنڈ کے ساتھ امن فنڈ قائم کریں گے جس کا مقصد دنیا میں امن قائم کرنا اور اسلحے کی غلط ترسیل کو روکنا ہو گا۔

ادھر، سعودی عرب 2015ء میں یمن کے خلاف جنگ شروع کرنے کے بعد اسلحے کا سب سے بڑا خریدار ملک بن گیا ہے۔ 2018ء میں سعودی عرب نے 70 ارب ڈالر کا اسلحہ خریدا۔

یمن میں ایک لاکھ افراد جنگ سے جبکہ 85 ہزار بھوک سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ دو کروڑ سے زائد افراد قحط کا شکار ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts