قیصر عباس (جدوجہد رپورٹ) ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی انتخابات کے کنونشن کے پہلے دن سابق صدارتی امیدوار سینیٹر برنی سینڈرز اور سابق خاتون اؤل مشیل اوبامہ نے خطاب کرتے ہوئے اتحاد کی اپیل کی ہے تاکہ موجودہ صدر ٹرمپ کو نومبر کے انتخابات میں بھرپور شکست دی جا سکے۔
برنی سینڈرز نے اپنے خطاب میں کہا کہ ”آج امریکہ صحت عامہ اور اقتصادی ڈپریشن کے بد ترین بحران سے گزر رہا ہے۔ ہم ملک میں نسلی تعصب اور موسمی تباہی کے اس دور سے گزر رہے ہیں جن کی مثال گزشتہ سو برسوں میں بھی نہیں ملتی۔ ان سب مشکلات کے دوران آج ملک کی باگ ڈور ایک ایسے صدر کے ہاتھ میں ہے جو نہ صرف ان مسائل سے نبٹنے کی اہلیت نہیں رکھتا بلکہ ملک کو آمریت کے دور میں لے جانا چاہتاہے۔“
امریکہ میں صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی (Democratic Party) کے صدر اور نائب صدر کی نامزدگی کے لئے پارٹی کا کنونشن پیر کو وسکانسن کے شہر ملواکی میں شروع ہو گیا ہے جو جمعرات تک جاری رہے گا۔
اس موقع پر مشیل اوبامہ نے کہا: ”اگر ہم نے انتخابات کے ذریعے تبدیلی کی کوشش نہیں کی تو ملک میں صورت حال مزید ابتر ہونے کے خدشات ہیں۔ ہم اگر آج امریکہ میں افراتفری ختم کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں جوبائیڈن کو ووٹ دینا ہوگا کیونکہ اس پر ہماری بہتر زندگی کا دارو مدار ہے۔“
کنونشن میں پارٹی کے سرکردہ رہنما، کانگریس کے ارکان اور سیاسی کارکن خطاب کریں گے جن میں سابق صدور بل کلنٹن اور براک اوبامہ بھی شامل ہیں۔ روائتی طور پر کنونشن میں تمام ریاستوں کے ڈیلی گیٹس (Delegates) جو اس مقصد کے لئے منتخب نمائندے ہوتے ہیں، پارٹی کے صدارتی امیدوار جوبائیڈن اور نائب صدر پیملاہیرس کو ووٹنگ کے ذریعے باقاعدہ نامزد کریں گے۔
اس سال کرونا وائرس کی وجہ سے کنونشن کو آن لائن منعقد کیا جارہاہے جس میں مجموعی طور پر 3,979 نمائندے ووٹ دیں گے اور نامزدگی کے لئے 1,991 ووٹ درکار ہوں گے۔ اس باقاعدہ نامزدگی کے بعد انتخابات کے لئے دونوں پارٹیاں بھرپور انتخابی مہم کا آغاز کریں گی۔
اس سال خصوصی انتظامات کے تحت مختلف شہروں سے نمائندے آن لائن خطاب کریں گے اور ملواکی میں کنونشن مرکز ایک انتظامی اکائی کے طور پر کام کرے گا۔ امریکہ میں انتخابی روائت کے مطابق برسر اقتدار صدر ہی دوسری ٹرم میں پارٹی کا صدارتی امیدوار ہوتا ہے جسے اسی طرح کے کنونشن میں باقاعدہ طورپر صد ر نامزد کیا جاتا ہے۔ ا س طرح موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابات میں ریپبلکن پارٹی (Republican Party) کے امیدوار ہوں گے۔ پارٹی کا ایک روزہ کنونشن 24 اگست کو ریاست نارتھ کیرولائناکے شہر شارلٹ میں منعقد ہو رہا ہے۔