لاہور(پ ر) جوائنٹ ایکشن کمیٹی برائے انسانی حقوق نے سرگودھا میں مسیحی خاندان پر ہجوم کے حملے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
کنونیئر جوائنٹ ایکشن کمیٹی عرفان مفتی کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی مجاہد کالونی گل والا سرگودھا میں ایک مسیحی خاندان پرہجوم کے حملہ کے واقعے کی شدید مذمت کرتی ہے۔ایک دفعہ پھر قانون نافذ کرنے والے ادارے مذہبی انتہاء پسندوں کے وحشیانہ عمل سے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے معصوم شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام رہی۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی مذہبی اقلیتی برادریوں کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹے توہین رسالت کے الزامات پر ہجوم کے بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات میں اضافہ کے رجحان پر خوفزدہ ہے۔ مجاہد کالونی کے واقعے میں متاثرہ خاندان کو ایک مقامی مسلم خاندان کی جانب سے جھوٹے الزامات کا بھی سامنا کرنا پڑا، جس کی دیگر شکایات تھیں اور انہیں نشانہ بنانے کیلئے توہین رسالت کے الزام کا استعمال کیا۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی اس حقیقت کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہے کہ توہین مذہب و رسالت کے قوانین 295سی اینڈ بی کا غلط استعمال کیا جاتا ہے، تاکہ شہریوں کو خاص طور پر اقلیتی برادریوں کو نشانہ بنایا جا سکے، جس بنا پر دوسرے چھوٹے سماجی اور مالی تنازعات کو حل کیا جا سکے۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ قوانین مخالفین کو بدنام کرنے کا آلہ بن رہے ہیں، کیونکہ شہریوں خصوصاً انتہاء پسندمذہبی گروپوں کے مذہبی اور فرقہ وارانہ جذبات کو بھڑکانے کیلئے ان کا آسانی سے غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی اس حقیقت پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتی ہے کہ مقامی پولیس نے اس واقعے کو روکنے یا مشتعل افراد کی حوصلہ شکنی کرنے کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے۔ ماضی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ یا تو ریاست مذہبی اور پرتشدد قوتوں سے مطمئن ہے، یا پھر ایسے حالات کو سنبھالنے میں اپنی نااہلی ظاہر کرتی ہے۔ کسی بھی صورت میں یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ اپنے شہریوں کا تعلق کسی بھی مذہب، مسلک یا فرقے سے ہو اس کا تحفظ کرے۔ ملک میں شانتی نگر سے لیکر گوجرہ، لاہور، سمبڑیال، جڑانوالہ اور دیگر کئی واقعات میں ہجومی تشدد کے پے درپے واقعات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ریاست کی بے عملی نے ان قوتوں کو صرف تشدد اور ہجوم کو معاشرے کے کمزور طبقوں کے خلاف استعمال کیلئے تقویت بخشی ہے۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی مطالبہ کرتی ہے کہ ان واقعات میں ملوث تمام افراد کے خلاف فوری طور پر جامع اور ٹارگٹڈ کارروائی کرے اور ان واقعات کے پس پردہ حقائق کو بھی سامنے لائے۔ تشدد پر اکسانے والے گروہوں کے خلاف تعزیری کارروائی کرے تاکہ مستقبل میں ایسے کسی بھی واقعے کو موثر طریقے سے روکا جا سکے۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی مطالبہ کرتی ہے کہ پنجاب حکومت مجاہد کالونی سرگودھا میں مسیحی خاندان کا اعتماد بحال کرے تاکہ ان لوگوں کیلئے کمیونٹی لیڈ اقدامات اٹھائے جائیں، جس کی مدد سے اس واقعے کے بعد سے خوف و غیر یقینی کی زندگی گزارنے میں کمی کی جا سکے۔ حکومت متاثرہ افراد کے خلاف ایف آئی آر بھی واپس لے اور املاک کے نقصان کی بھی تلافی کرے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب واقعے کی براہ راست اور ذاتنی نوٹس لیں اور مزید نقصان کو کنٹرول کریں۔