خبریں/تبصرے

موسیٰ خیل میں مزدوروں کی ہلاکت قابل مذمت، متاثرین کے دکھ میں شریک ہیں: حقوق خلق پارٹی

لاہور(جدوجہد رپورٹ) حقوق خلق پارٹی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ موسیٰ خیل میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہیں، جن میں 23مزدور ہلاک ہوئے۔ محنت کش طبقے کی غریب ترین پرتوں کا ایسا سفاکانہ قتل ایک رجعتی عمل ہے، جس کی ترقی پسند سیاست میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ ایسی وحشیانہ حرکتوں کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ہم مرنے والوں کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہیں۔ تشدد کی جڑوں کا اندازہ کئے بغیر فوجی آپریشن شروع کرنے کی جلد بازی کی کوشش نہ کی جائے۔ کئی دہائیوں کی پسماندگی، ریاستی جبر، جبری گمشدگیوں اور معاشی استحصال نے ریاست کے خلاف بلوچوں میں ناراضگی کو ہوا دی۔

بلوچ عوام کی ان حقیقی شکایات کو دور کئے بغیر امن کا حصول ناممکن ہے۔ ہم پنجاب میں آباد بلوچوں اور پشتونوں کے خلاف بڑھتے ہوئے شاؤنزم کی بھی مذمت کرتے ہیں۔ ہر طرح سے نسل پرست اور شاؤنسٹ دہشت گردوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، جو ہمیں تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ آگے بڑھنے کا واحد راستہ حکمران طبقات کے خلاف محنت کش عوام کا اتحاد قائم کرنا اور ہر قسم کے استحصال، جبر اور شاؤنزم کے خلاف متحدہ محاذ قائم کرنا ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts