خبریں/تبصرے

لالی وڈ اور تقسیم: سٹاک ہولم میں 15 ستمبر کو سیمینار ہو گا

سٹاک ہولم (نمائندہ جدوجہد)15 ستمبر کو سویڈن کے دارلحکومت سٹاک ہولم میں ’لالی و’ڈ اور تقسیم‘ کے موضوع پر’فلم سینٹرم‘ اور ’روزنامہ جدوجہد‘ کے زیر اہتمام مشترکہ سیمینار منعقد ہو گا۔

’فلم سینٹرم‘ ایک ترقی پسند فلم کولیکٹو ہے جس کی بنیاد ساٹھ کی دہائی میں رکھی گئی تھی اور اس کا مقصد ترقی پسند فلمسازوں کے کام کو آگے بڑھانا تھا۔

سیمینار میں معروف اکیڈیمک ڈاکٹر اشتیاق احمداور مدیر جدوجہد فاروق سلہریا تقسیم کے موضوع پر بننے والی پاکستانی فلموں اور دیگر ثقافتی اداروں بارے اپنی تحقیق پر مبنی جائزہ پیش کریں گے۔

ڈاکٹر اشتیاق احمد،سٹاک ہولم یونیورسٹی کے پروفیسر امریطس ہیں۔وہ تقسیم کے موضوع پر انعام یافتہ کتاب
The Punjab Bloodied, Partitioned and Cleansed کے مصنف ہیں۔ ان کی حالیہ کتاب
Jinnah: His Successes, Failures and Role in History برصغیر بھر میں مسلسل توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ دیگر کتابوں کے علاوہ وہ’پاکستان: دی گیریژن اسٹیٹ‘ (پاکستان:عسکری ریاست)کے بھی مصنف ہیں۔ یہ تینوں کتابیں اردو میں ترجمہ ہو چکی ہیں۔ قبل از تقسیم،لاہور میں فلی صنعت پر ان کی تصنیف ’پری پارٹیشن پنجابزکنٹری بیوشن ٹو سینما‘ کے عنوان سے شائع ہو چکی ہے۔

فاروق سلہریا ’میڈیا امپیریلزم اِن انڈیا اینڈ پاکستان‘ کے مصنف ہیں۔ سابق مدیر جدوجہد اور معروف میڈیا سکالر،ڈاکٹر قیصر عباس مرحوم کے ساتھ انہوں نے پاکستانی میڈیا پر ’فرام ٹیرر ازم ٹو ٹیلی ویژن: دی ڈائنامکس آف میڈیا،اسٹیٹ اینڈ سوسائٹی اِن پاکستان‘ مدون کر چکے ہیں۔

تقسیم کی 75 ویں سالگرد(فارسی میں anniversary) کے موقع پر فاروق سلہریا نے تقسیم کے موضوع پر بننے والی چار فلموں کے جائزے پر مبنی ’انڈیا ریویو‘ نامی اکیڈیمک جرنل میں ایک تحقیقی مقالہ شائع کیا۔اس مقالے میں چار فلموں میں پیش کئے گئے بیانئے کا تجزیہ کیا گیا۔سیمینار کے موقع پر وہ اسی مقالے کے نتائج پیش کریں گے۔

اس سیمینار کی میزبانی فلم میکر اور’فلم سینٹرم‘کے سیکرٹری طلعت بٹ کریں گے۔

سیمینار میں شرکت بذریعہ دعوت نامہ ہو گا۔ سیمینار کی ریکارڈنگ بعد ازاں جدوجہد کے یوٹیوب چینل’سٹرگل ٹی وی‘ پر پوسٹ کی جائے گی۔

Roznama Jeddojehad
+ posts