شاعری

غزل: ہونٹ پر دعا ہو گی ہاتھ میں سبو ہو گا

قیصر عباس

ہونٹ پر دعا ہو گی ہاتھ میں سبو ہو گا
عاصیوں کی محفل میں کون با وضو ہو گا

کون معتبر ہو گا مستند کتابوں میں
وقت کے سنگھاسن پر کون خوبرو ہو گا

کل کی راہداری میں کس کی آہٹیں ہوں گی
آج کے دریچوں میں کون روبرو ہو گا

ڈوبتا ہوا سورج ہر کلی پہ خنداں ہے
رات کے جھمیلوں تک ذکر رنگ وبو ہو گا

رفتگاں کے رستوں میں اور بھی نشاں ہوں گے
نقشِ پا سے پہلے بھی بولتا لہو ہو گا

کس کا خون چھلکے گا شہر جاں کی گلیوں میں
جبر کی صلیبوں پر کون سرخرو ہو گا

سب شکست خوردہ ہیں ان کمین گاہوں میں
اب ہواؤں سے قیصر کون دو بدو ہو گا

Qaisar Abbas
+ posts

ڈاکٹر قیصر عباس روزنامہ جدو جہد کے مدیر اعلیٰ ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کرنے کے بعد پی ٹی وی کے نیوز پروڈیوسر رہے۔ جنرل ضیا الحق کے دور میں امریکہ منتقل ہوئے اور وہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کی۔ امریکہ کی کئی یونیورسٹیوں میں پروفیسر، اسسٹنٹ ڈین اور ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں اور آج کل سدرن میتھوڈسٹ یونیورسٹی میں ہیومن رائٹس پروگرام کے ایڈوائزر ہیں۔ وہ ’From Terrorism to Television‘ کے عنوان سے ایک کتاب کے معاون مدیر ہیں جسے معروف عالمی پبلشر روٹلج نے شائع کیا۔ میڈیا، ادبیات اور جنوبی ایشیا کے موضوعات پر ان کے مقالے اور بک چیپٹرز شائع ہوتے رہتے ہیں۔