لاہور(جدوجہد رپورٹ) اقوام متحدہ کے مطابق سوڈان کی جنگ سے 10لاکھ سے زائد لوگ نقل مکانی کر کے پڑوسی ملک جنوبی سوڈان میں پناہ حاصل کر چکے ہیں۔
’الجزیرہ‘ کے مطابق دنیا کی اس بدترین نقل مکانے کے بحرانوں میں سے ایک کے بارے میں اقوام متحدہ نے منگل کے روز نیا ڈیٹا جاری کیا ہے۔ ان اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ21مہینوں میں 7لاکھ70ہزار سے زیادہ لوگ جنوبی سوڈان کی سوڈان کے ساتھ شمالی سرحد پر جودا کراسنگ کے ذریعے نقل مکانی کر چکے ہیں۔ دوسرے مقامات پر بھی دسیوں ہزار مزید لوگ سرحد پار کر چکے ہیں۔
اپریل2023میں نیم فوجی دستے ریپڈ سپورٹ فورسز(آر ایس ایف) اور سوڈانی مسلح افواج(ایس اے ایف) کے درمیان شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے جنوبی سوڈان فرار ہونے والوں کی تعداد10لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
جنوبی سوڈان کی شمالی سرحد پر واقع رینک کاؤنٹی میں دو ٹرانزٹ مراکز اب 16ہزار سے زیادہ لوگوں کی میزبانی کر رہے ہیں۔ ان ٹرانزٹ مراکز کو 5ہزار سے کم لوگوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔
اس جنگ میں اب تک کم از کم 20ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور تقریباً25ملین یعنی ملک کی نصف آبادی شدید بھوک اور انسانی امداد کی فوری ضرورت کا شکار ہے۔