خبریں/تبصرے

موسیقی جرم نہیں: اقوام متحدہ نے گلوکار کو پھانسی کی سزا ختم کرنے کی اپیل کر دی

لاہور (جدوجہد رپورٹ) اقوام متحدہ کے خصوصی راپورتارز نے نائجیریا سے اپیل کی ہے کہ وہ گلوکار یحییٰ امینو شریف کو دی گئی پھانسی کی سزا ختم کرے۔ ان ماہرین نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ موسیقی کوئی جرم نہیں ہے۔

یحییٰ امین شریفو کو نائجیریا کی علاقائی ریاست کانو، جہاں مسلمانوں کی اکثریت ہے، کی ایک شرعی عدالت نے ایک ایسا گانا انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کرنے پر پھانسی کی سزا سنائی ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اس میں مذہبی تعلیمات کی توہین کی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کی سپیشل راپورتار برائے ثقافتی حقوق کریمہ بینون نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آرٹ کے اظہار یا انٹرنیٹ پر گانا شیئر کرنے پر پھانسی عالمی قانون اور نائجیریا کے آئین کی خلاف ورزی ہے۔

یاد رہے کانو کی ایک عدالت نے کچھ عرصہ قبل ایک تیرہ سالہ بچے، عمر فاروق، کو بھی بلاسفیمی کے الزام میں دس سال کی قید سنائی تھی۔ پولینڈ میں آشویتز میموریل کے سربراہ پیوتر سیوینسکی نے نائجیریا کے صدر سے کہا ہے کہ وہ عمر فاروق کی جگہ قید کاٹنے کو تیار ہیں۔ ادھر، امریکہ اور یورپ کے بعض لوگ بھی یہ اعلان کر چکے ہیں کہ وہ عمر فاروق کی جگہ قید کاٹنے کو تیار ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts