خبریں/تبصرے

ارجنٹینا: کورونا سے نپٹنے کیلئے 12 ہزار امیر افراد پر 3.7 ارب ڈالر کا ’کروڑ پتی ٹیکس‘

لاہور (جدوجہد رپورٹ) ارجنٹینا کی سینٹ نے ملک کے 12 ہزار امیر ترین افراد پر ایک خصوصی ٹیکس نافذ کیا ہے۔ یہ ایک وقت میں حاصل کیا جانیوالا ٹیکس ہو گا جسے ”کروڑ پتیوں کا ٹیکس“ کا نام دیا گیا ہے۔ ٹیکس کے نفاذ کا مقصد کورونا وائرس کی وجہ سے کاروبار کے نقصان کے ازالے اور طبی سامان کیلئے مالی اعانت فراہم کرنا ہے۔ سینٹ میں اس نئے ٹیکس کے حق میں 42 سینٹ اراکین نے ووٹ دیا جبکہ 26 نے مخالفت کی۔

صدر البرٹو فرنینڈس نے کہا ہے کہ ”ہمیں امید ہے کہ اس اقدام سے ایک سال سے جاری معاشی بدحالی پر قابو پانے کیلئے 3.77 ارب ڈالر کی امداد میں مدد ملے گی۔“

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ارجنٹینا میں گزشتہ ایک سال کے دوران 14 لاکھ سے زیادہ افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 39500 افراد کورونا کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں۔

ٹیکس سے حاصل ہونے والی رقم سے طبی سامان خریدنے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباریوں کی مدد، طلبہ اور معاشرتی پروگراموں اور قدرتی گیس منصوبوں کیلئے فنڈز مختص کئے جائیں گے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts