خبریں/تبصرے

روزنامہ امت نے حمید گل کے ریفرنس میں شامل 12 افراد کو ہزاروں قرار دیدیا: سابق رپورٹر

معروف صحافی ارشد یوسفزئی نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل (ر) حمید گل مرحوم کے کراچی میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں محض 12 لوگ شریک ہوئے تھے، ان 12 لوگوں میں بھی ’روزنامہ امت کراچی‘ کے ایڈیٹر سمیت وہ خود بھی شامل تھے۔

تاہم ایڈیٹر نے اس ریفرنس کی خبر فائل کرنے پر انکی سرزنش کی اور اگلے روز انہیں معلوم ہوا کہ اخبار نے تقریب میں ہزاروں افراد کی شرکت رپورٹ کی ہے۔

یاد رہے کہ جنرل (ر) حمید گل کی وفات 15 اگست 2015ء میں ہوئی تھی، ارشد یوسفزئی نے کہا ہے کہ انہوں نے 3 سال تک ’روزنامہ امت‘ میں کام کیا، دسیوں انتہائی دلچسپ خبریں اپنی بائی لائن سے تیار کیں لیکن اپنی بائی لائن کے بغیر لکھی گئی خبروں میں خوفناک بدلاؤ لائے گئے۔

ارشد یوسفزئی نے دو روز قبل پے در پے کئے جانے والے ٹویٹس میں کہا کہ ”جب میں روزنامہ امت کراچی کیلئے کام کر رہا تھا، میرے ایڈیٹر نے مجھے مرحوم جنرل (ر) حمید گل کے تعزیتی ریفرنس کی کوریج کیلئے بھیجا، جو کراچی کے اسٹیل ٹاؤن میں انکے دوستوں اور خاندان کے افراد نے منظم کر رکھا تھا۔ یقین کریں، وہاں صرف 12 لوگ تھے۔ تقریب ختم ہوتے ہی میں دفتر آیا اور خبر فائل کر دی کہ معروف جنرل کی وفات پر انکے تعزیتی ریفرنس میں صرف 12 لوگوں نے شرکت کی۔ نیوز ایڈیٹر رپورٹر ڈیسک پر میرے پاس آئے اور پوچھا کہ یہ آپ نے کیا ’گندگی‘ لکھی ہے۔ کیا آپ یہاں کام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔“

ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ”نیوز ایڈیٹر نے مجھے حکم دیا کہ رپورٹ دوبارہ تیار کرو۔ میں نے رپورٹ کو غور سے پڑھا اور اسے نیوز ڈیسک پر فائل کر دیا۔ چند لمحوں بعد جو کچھ ہوا وہ غیر متوقع اور ناقابل قبول تھا (جس کی کہانی آئندہ کبھی) لیکن اگلے دن میں خبر پڑھ رہا تھا، ’ہزاروں افراد نے تقریب میں شرکت کی‘۔“

ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ”ایک اور بات جو یہاں قابل ذکر ہے وہ یہ ہے کہ تعزیتی ریفرنس میں شرکت کرنے والے 12 افراد میں سے ایک میں اور دوسرا امت کا نیوز ایڈیٹر بھی تھے۔“

Roznama Jeddojehad
+ posts