خبریں/تبصرے

پی ایف یو جے کا افغانستان سے صحافیوں کے محفوظ انخلا کا مطالبہ

راولپنڈی (پریس ریلیز) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے کابل میں بگڑتی صورتحال اور میڈیا کارکنوں کو دی جانیوالی دھمکیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پی ایف یوجے کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے مشترکہ بیان میں طالبان حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغانستان کے مختلف علاقوں میں کام کرنے والے پاکستانی صحافیوں سمیت میڈیاکے افراد کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کابل ایئرپورٹ پر حملوں پر افسوس کا اظہار کیا اور مشکل کی اس گھڑی میں افغان عوام اور صحافیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ایف یو جے جنگ زدہ ملک میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال اور خیبر ٹی وی چینل کیلئے کام کرنے والے پاکستانی میڈیا پرسنز کے لاپتہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک تشویشناک صورتحال ہے۔ پاکستانی حکام، سفارتی برادری اوردیگر انسانی حقوق کی تنظیمیں غیر ملکی اور افغان صحافیوں کو ملک سے جنگی بنیادوں پر نکالنے کے انتظامات کریں۔

پی ایف یو جے کی قیادت محسوس کرتی ہے کہ افغانستان، خاص طور پر کابل میں صورتحال صحافیوں کیلئے خطرناک ہو گئی ہے لہٰذا پھنسے ہوئے میڈیا افراد خصوصاً خواتین صحافیوں کو ہوائی جہاز سے اسلام آباد لانے کیلئے فوری انتظامات کئے جائیں۔

پی ایف یو جے کی طرف سے اعلان کیا گیا کہ افغانستان سے نکالے جانے والے صحافیوں کی ہر ممکن مدد کی جائیگی اور ان کی حفاظت، ویزا پروسیسنگ اور ان کے آبائی ممالک کے سفر کیلئے حکومتی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائیگا۔

امریکہ میں قائم میڈیا رائٹس واچ ڈاگ کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (سی پی جے) کے ایشیا پروگرام کوآرڈی نیٹر اسٹیون بٹلر نے کہا کہ ”طالبان اس وقت صحافیوں میں بہت زیادہ اعتماد پیدا نہیں کر رہے ہیں۔ سی پی جے کو افغانوں کی طرف سے 5 ہزار سے زائد ہنگامی پیغامات موصول ہوئے ہیں۔“

پی ایف یو جے کے بیان میں سی پی جے کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ یہ ادارہ زیادہ خطرے والے افراد خصوصاً خواتین اور صحافیوں کے انخلا کیلئے سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پی ایف یو جے نے ایک سہولت کار کمیٹی قائم کی ہے تاکہ انخلا میں مدد کی جا سکے اور صحافیوں کو کابل سے ہوائی جہاز پر منتقل کیا جائے۔ کمیٹی ممبران میں شکیل انجم (صدر نیشنل پریس کلب)، انور رضا (سیکرٹری نیشنل پریس کلب)، مبارک زیب (ممبر ایف ای سی، پی ایف یو جے) اور حنیف خان شامل ہیں۔

Roznama Jeddojehad
+ posts