خبریں/تبصرے

جن بھی خوش، خلائی مخلوق بھی: بالآخر نوٹیفکیشن جاری ہو گیا

لاہور (جدوجہد رپورٹ) وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی منظوری کے بعد پاکستان کے خفیہ ادارے انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل کے تبادلے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

منگل 26 اکتوبر کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو ہی ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا ہے، تاہم وہ اپنے عہدے کا چارج 20 نومبر کو سنبھال سکیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 19 نومبر تک موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی ہی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

یاد رہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو تبدیل کر کے کور کمانڈر پشاور تعینات کرنے اور کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کئے جانے کا اعلان پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے کر دیا گیا تھا۔ تاہم وزیراعظم پاکستان تبادلے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتے تھے۔

گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ڈی جی آئی ایس آئی کے تبادلے کو لیکر حکومت اور عسکری اداروں کے درمیان ایک تناؤ کی کیفیت برقرار رہی، دونوں اطراف سے آف دی ریکارڈ الزامات بھی عائد کئے جاتے رہے، جبکہ حکومت اور وزرا اس سب کو روٹین کا معاملہ، قانون کی عملدراری، افغانستان کی صورتحال کی وجہ سے ڈی جی آئی ایس آئی کو کچھ عرصہ پوسٹ پر رہنے دیئے جانے اور انٹرویوز وغیرہ کی باتیں کرتے رہے۔

دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان روحانی اور توہماتی زائچوں کی بنیاد پر ڈی جی آئی ایس آئی کے تبادلے سے متعلق اس طرح کا رویہ اپنا رہے تھے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts