اسلام آباد (حارث قدیر) پاکستان ٹیلی ویژن میں بیک وقت 5 عہدوں پر براجمان ڈاکٹر نعمان نیاز پر ہراساں کرنے کا الزام لگانے والی خاتون ملازمہ کو ملازمت سے برطرف کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
’نیا دور‘ میں لکھے گئے ایک مضمون میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ 2016ء میں پی ٹی وی کی اسلام آبادمیں مقیم خاتون کیمرہ آپریٹرنادیہ عزیز نے ٹویٹس کے ذریعے مریم نواز سے مطالبہ کیا کہ وہ مبینہ طو ر پر انہیں ہراساں کرنے والے پی ٹی وی سپورٹس کے ڈائریکٹر نعمان نیاز کے خلاف کارروائی کریں۔ انہوں نے کنٹرولر پی ٹی وی سپورٹس اسامہ اظہر پر بھی یہی الزامات لگایا اور کہا کہ وہ دونوں اس اقدام میں ساتھ تھے۔
متاثرہ خاتون نے اپنی شکایت وفاقی محتسب برائے ویمن ہراسمنٹ جسٹس (ر) یاسمین عباسی کے دفتر میں درج کروائی۔ جہاں سے 17 اکتوبر 2017ء کو پی ٹی وی کے 6 افسران کی ترقیوں پر 2 سال کی پابندی اور 1 لاکھ روپے جرمانے کی سزائیں سنانے کے علاوہ نادیہ عزیز کو فوری طو رپر ان کے عہدے پر بحال کرنے کا حکم دیا گیا۔ تاہم اس فیصلہ سے متعلق شائع ہونے والی خبر میں ڈاکٹر نعمان نیاز کا نام شامل نہیں کیا گیا۔
بعد ازاں وفاقی محتسب برائے ویمن ہراسمنٹ نے مذکورہ خاتون کو مزید ہراساں کئے جانے پر ڈاکٹر نعمان نیاز کے خلاف مکمل تحقیقات کا حکم دیا، تاہم نعمان نیاز نے کیس ایون صدر میں ’ویمن ہراسمنٹ سیل‘ منتقل کروا دیا۔ ویمن ہراسمنٹ سیل نے محتسب کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے نادیہ عزیز کی ملازمت پر بحالی کے احکامات بھی معطل کر دیئے۔
نادیہ عزیز نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے، جہاں مقدمہ زیر سماعت ہے۔ تاہم مضمون کے مطابق نادیہ عزیز بیروزگاری کے باعث مالی مسائل کا شکار ہیں اور اپنی نمائندگی کیلئے کوئی وکیل نہ مقرر کر سکنے کی وجہ سے خود ہی اپنا مقدمہ لڑ رہی ہیں۔
یاد رہے کہ پی ٹی وی میں جنسی ہراسانی کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے، اسطرح کے متعدد کہانیاں وقتاً فوقتاً منظر عام پر آتی رہی ہیں۔ ماضی میں بھی پی ٹی وی کی دو میزبانوں تنزیلہ مظہر اور یشفین جمال کو بھی اپنے ڈائریکٹر کرنٹ افیئر پر ایسے ہی الزامات لگانے پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ جنسی ہراسانی کے الزامات کا سامنا کرنے والے ڈاکٹر نعمان نیاز آج کل پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کے ساتھ ایک تنازعے کی وجہ سے آج کل خبروں میں ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان کے رویے کی وجہ سے انہیں عہدے سے ہٹائے جانے اور سپورٹس شو کی میزبانی سے ہٹائے جانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر نعمان نیاز ایک لمبے عرصے سے پاکستان ٹیلی ویژن سے منسلک ہیں۔ حال ہی میں ان کو پی ٹی وی سے نکالے جانے کے بعد یہ انکشاف ہوا ہے کہ وہ پی ٹی وی میں بیک وقت 5 اہم عہدوں پر براجمان ہیں۔ وہ بطور سربراہ (ہیڈ) پی ٹی وی سپورٹس، سربراہ (ہیڈ) پی ٹی وی گلوبل، ڈائریکٹر ٹریننگ اکیڈمی، ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ سنڈیکیشن اور بطور جنرل منیجر (انتظامی و مالی) ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔