خبریں/تبصرے

عمران خان نے غریب عوام کی چیخیں نکلوا دیں: گارڈین

لاہور (جدوجہد مانیٹرنگ) برطانوی جریدے ’گارڈین‘نے لکھا ہے کہ عمران خان غریبوں کو کچل رہے ہیں، پاکستان میں مہنگائی کے زور پر غصہ بڑھتا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق معاشی بدحالی پاکستانی وزیر اعظم عمران خان پر شدید دباؤ ڈال رہی ہے اور ریکارڈ مہنگائی کی وجہ سے بدامنی کا خطرہ لاحق ہے۔

پاکستان میں مہنگائی کی ریکارڈ شرح ہے اور پاکستان دنیا کا چوتھا مہنگا ترین ملک بن چکا ہے۔

اقتدار میں آنے سے پہلے عمران خان نے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور لوگوں کو غربت سے نکالنے کا عہد کیا تھا کیونکہ انہوں نے ایک کروڑ ملازمتیں پیدا کرنے کے ساتھ ایک نئے اور خوشحال پاکستان کا وعدہ کیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے قوم سے خطاب میں عمران خان نے پاکستان میں عوام کی مشکلات کیلئے ماضی کی غلطیوں کیلئے اپوزیشن اور عالمی مارکیٹ میں مہنگائی کو ذمہ دار قرار دیا تھا۔ انہوں نے اشیائے ضروریہ پر سبسڈی فراہم کرنے کیلئے 120 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کا بھی اعلان کیا تھا۔

معاشی تجزیہ کار خرم حسین کا کہنا ہے کہ ”یہ کافی نہیں ہے، یہ پیکیج سمندر میں ایک قطرہ ہے اور عام لوگوں کی بڑی تعداد کی مدد کیلئے بہت ہی کم ہے۔ عمران خان پر دباؤ بڑھتا رہے گا کیونکہ ہم نے پیکیج کے اعلان کے بعد تیل اور چینی کی قیمتوں میں مزید اضافہ دیکھا ہے۔“

’گارڈین‘سے گفتگو میں انکا کہنا تھا کہ ”مہنگائی عام لوگوں پر تباہ کن بوجھ ڈال رہی ہے کیونکہ یہ ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ریکارڈ بیروزگاری ہے اور اجرتیں رکی ہوئی ہیں۔“

انکا کہنا تھا کہ ”اگر قیمتیں کم نہ ہوئیں تو ملک کے عام لوگ بنیادی ضروریات کی فراہمی کیلئے جدوجہد کریں گے۔“

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر مردان میں وزیر اعظم پر لعنت بھیجنے کی اپیل کرنے کے الزام میں گرفتار ہونے والے محمد غفران نے ’گارڈین‘ سے گفتگو میں بتایا کہ ”میں جب ایک مسجد میں پہنچا اور خطیب سے کہا کہ ہمیں عمران خان پر لعنت بھیجنی چاہیے۔ وزیر اعظم نے ایک نئے پاکستان کا وعدہ کیا تھا اور یہ بھی کہ یہ ایک عام لوگوں کیلئے فلاحی ریاست ہوگی لیکن انہوں نے اس کے برعکس کیا۔ وہ غریبوں کو کچل رہے ہیں۔“

غفران کا کہنا تھا کہ انہیں عمران خان کو ووٹ دینے پر افسوس ہے اور وہ جانتے ہیں کہ ہر وہ شخص جس نے عمران خان کو ووٹ دیا اور یقین کیا وہ اس وقت افسوس ہی کر رہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ دو دن گرفتار رہنے کے بعد جب انہیں رہا کیا گیا تو محلے کے لوگوں نے ان کی حمایت کی اور سب یہ چاہتے ہیں کہ عمران خان اگر قیمتوں کو کنٹرول نہیں کر سکتے تو انہیں استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts