راولا کوٹ (نامہ نگار) پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں قائم جامعہ کشمیر میں فیسوں کے اضافے کا نوٹیفکیشن واپس لئے جانے کے بعد طلبہ نے ہڑتال ختم کر دی اور گزشتہ روز سے تمام کیمپسوں میں کلاسوں کا دوبارہ سے آغاز ہو گیا ہے۔
ڈپٹی رجسٹرار جامعہ کشمیر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وائس چانسلر نے سابقہ فیس سٹرکچر کو بحال رکھے جانے کے علاوہ ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی پروگرام کو نارمل میزانیہ پر لائے جانے کی انتظامی منظوری دے دی ہے۔
جامعہ کشمیر کی فیسوں میں اضافے کے خلاف طلبہ نے گزشتہ بدھ سے احتجاج کا سلسلہ شروع کر رکھا تھا، اس دوران جامعہ کے تمام کیمپسوں میں کلاسوں کا بائیکاٹ جاری رکھا گیا، جبکہ احتجاجی مظاہروں میں سیکڑوں طلبا و طالبات شریک ہوتے رہے۔