خبریں/تبصرے

طبقاتی جدوجہد پبلی کیشنز کی جانب سے ڈاکٹر لال خان کی دوسری برسی کی مناسبت سے تین جلدوں پر مبنی ”لال خان کے منتخب مضامین“ کی اشاعت

لاہور (جدوجہد رپورٹ) ’طبقاتی جدوجہد‘ کے بانی، جنوب ایشیا میں لیون ٹراٹسکی کے لازوال نظریات کو متعارف کروانے میں کلیدی کردار ادا کرنے اور ملکی و عالمی سطح پر چار دہائیوں سے زائد کی عملی و ادبی انقلابی جدوجہد کے حوالے سے بغیر کسی تعارف کے محتاج کامریڈ لال خان (1956-2020ء) کی دوسری برسی کی مناسبت سے تین جلدوں پر مبنی ”لال خان کے منتخب مضامین“ کی اشاعت ’طبقاتی جدوجہد پبلی کیشنز‘ کی جانب سے مارچ 2022ء میں کی جا رہی ہے۔

اس حوالے سے ان کے 2011ء تا 2020ء تک کے مضامین، جن میں سے بیشتر ملک کے معروف انگریزی اور اردو اخبارات میں شائع ہوتے رہے، کا انتخاب کیا گیا ہے۔ یہ مضامین انتہائی عام فہم زبان اور اندازِ بیاں میں بین الاقوامی و قومی سطح پر سرمایہ دارانہ معیشت، سیاست و سفارت کے تضادات و بحرانات، عسکری تنازعوں، سامراجیت، بنیاد پرستی، تاریخی عوامل اور واقعات، انقلابی تحریکوں، قومی سوالات، سماج، آرٹ، ثقافت، مارکسی فلسفے اور مستقبل کے تناظروں جیسے دلچسپ، بنیادی، پیچیدہ اور ضخیم موضوعات کا احاطہ کرتے ہیں اور سرمایہ داری کے خلاف سوشلسٹ انقلاب کی جدوجہد میں سرگرم انقلابیوں کے لئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ کامریڈ لال خان نے اپنی اِن لکھتوں میں مارکسی نقطہ نظر سے بالخصوص برصغیر جنوب ایشیا کے معاشروں کا تاریخی، سماجی اور ثقافتی جائزہ لیا اور یہاں انقلابی مارکسزم کے نظریات پر مبنی طبقاتی جدوجہد کا تناظر، طریقہ کار اور لائحہ عمل وضع کیا۔ علاوہ ازیں ان کی یہ تحریریں نہ صرف مارکسی اور انقلابی بلکہ ادبی نقطہ نظر سے بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہیں جو مین سٹریم اور متبادل میڈیا میں روح کی گہرائیوں تک سرایت کر جانے والے کاٹ دار طرزِ تحریر کا نمونہ پیش کرتی ہیں۔ اس حوالے سے کسی شک و شبہ کے بغیر کہا جا سکتا ہے کہ ماضی کی طرح ’طبقاتی جدوجہد پبلی کیشنز‘ کی یہ تازہ اشاعت بھی سرمایہ دارانہ بحران کے اِس گھٹن زدہ ماحول میں تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہو گی اور نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے انقلابیوں کے لئے اس رہنمائی، شکتی، ہمت اور حوصلے کا باعث بنے گی جو اس بوسیدہ اور متروک نظام کو پاش پاش کرنے کے لئے درکار ہے۔

Roznama Jeddojehad
+ posts